تحریک فتح کے متحارب گروپوں میں فائرنگ ، فلسطینی خاتون جاں بحق، فلسطینی عوام میں غم وغصہ کی لہر

پیر 21 مارچ 2016 14:28

جنین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کی حکمران جماعت تحریک فتح کے دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں جنین شہر سے تعلق رکھنے والی فلسطینی خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ گولی کا نشانہ بننے والی فلسطینی خاتون کے تین چھوٹے چھوٹے بچے ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز شمالی جنین میں الیامون کے مقام پر فتح کے دو متحارب گروپوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی۔

اس دوران گولی 30 سالہ نداء تیسیر ابو الھیجاء کے سرمیں جا لگی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ عینی شاہدین نے کہا کہ نداء تیسیر ایک تین منزلہ پلازے میں اپنے فلیٹ میں موجود تھی جب اچانک ایک گولی اس کے سرمیں آلگی، اسے ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی مگر وہ راستے ہی میں دم توڑ گئی تھی۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتحاوی گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں خاتون کی قتل کیخلاف مقامی آبادی میں سخت غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مقامی شہریوں نے صدر عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک نہتی خاتون کو گولیاں مار کر قتل کرنے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ فتحاوی اختلافات کی بھینٹ چڑھنے والی خاتون کے تین بچے ہیں جن کی عمریں آٹھ سال سے کم ہیں۔

متعلقہ عنوان :