سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق درخواست پر ڈی جی رینجرز‘آئی جی سندھ، سیکریٹری داخلہ اور دیگر فریقین کونوٹس جاری کردئیے ‘سماعت 11 اپریل تک ملتوی

پیر 21 مارچ 2016 14:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے 70 سے زائدافراد کی گمشدگی سے متعلق دائر درخواستوں پر ڈی جی رینجرز‘آئی جی سندھ، سیکریٹری داخلہ اور دیگر فریقین کونوٹس جاری کرکے سماعت 11 اپریل تک ملتوی کر دی ۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عرفان سعادت کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے 70 سے زائدافراد کی گمشدگی سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیاتھا کہ ہارون، فراز، عمران، شاہد عرف بابو،راشد بلوچ ،یاسر، ساجد، زاہد، جاوید گل محمد سمیت دیگر افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیا ہے،کئی روز گزرجانے کے باجود ان فراد کو کسی عدالت میں پیش کیا گیا نہ ہی ان کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ گمشدہ افراد اگر کسی جرم میں ملوث ہیں تو انھی عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے مزید کارروائی کے لیے ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، سیکریٹری داخلہ اور دیگر فریقین کو 11 اپریل تک نوٹس جاری کر دئیے