ایم کیو ایم نے ڈپٹی کنونیئر رابطہ کمیٹی شاہد پاشا کی گرفتاری کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

پیر 21 مارچ 2016 14:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) ایم کیو ایم نے ڈپٹی کنونیئر شاہد پاشا کی گرفتاری کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر تے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ پارٹی کے ڈپٹی کنونیئر شاہد پاشا کو 21 مارچ کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے گھر سے گرفتار کیا‘ نہ گرفتاری ظاہر کی اور نہ ہی ملنے دیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہدپاشا کو رینجرز نے حراست میں لے لیا ہے۔

متحدہ کی جانب سے شاہد پاشا کی گرفتاری کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا کو رینجرز نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا ہے۔ اعلامیہ میں متحدہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ رینجرز اہلکاروں نے بغیر وارنٹ کے چھاپہ مارا اور گھر کی تلاشی لی اورانہیں اپنے ساتھ لے گئے۔ جس پر متحدہ قومی موومنٹ نے شاہد پاشا کی گرفتاری کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 21 مارچ کو قانون نافذ کرنے والے ادارے گھر سے گرفتار کرکے لے گئے، نہ گرفتاری ظاہر کی اور نہ ہی ملنے دیا جارہا ہے۔