پاکستان کو صحیح معنوں میں لاالہ الااللہ کا ملک بنایا جائے‘مولانا عبدالعزیز علوی

پیر 21 مارچ 2016 12:59

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) امیر جماعتہ الدعوہ آزادکشمیرمولاناعبدالعزیزعلوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں لاالہ الااللہ کا ملک بنایا جائے، مقبوضہ کشمیر میں آج لاکھوں کشمیری بندوقوں کے سائے میں پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ کے نعرے لگا رہے ہیں- کلمہ طیبہ کی جاگیر ملک پاکستان کو سیکولر بنانے کی سازشیں قوم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

ملک واسلام دشمن عناصر کی خوفناک سازشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم پورے ملک کے کونے کونے میں نظریہ پاکستان مہم چلارہے ہیں تاکہ لوگوں کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔ نظریہ پاکستان مہم کو ایک باقاعدہ تحریک کی شکل دیکر قوم میں یہ احساس پیدا کرنا ہے کہ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والا پاکستان ایک مشن اور ایک نظریہ کے تحت حاصل کیا گیا تھا جس پر عمل پیرا نہ ہونے سے ملک میں فکری انتشار بڑھا اور ملک مسائل سے دوچار ہوا۔

(جاری ہے)

ہم آج پھر سے پاکستانی قوم میں وہی جذبے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔جماعتہ الدعوہ ملک میں اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کرنے اور فکری انتشار کے خاتمہ کیلئے ملک گیر سطح پر نظریہ پاکستان مہم چلارہی ہے۔شہر شہر نظریہ پاکستان کنونشن، جلسوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ نظریہ پاکستان کے حوالہ سے منعقدہ پروگراموں میں تمام سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو شریک کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک عملی تجربہ گاہ ہو گی جہاں اسلام نافذ کر کے اس کا عملی نمونہ پوری دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گالیکن افسوس کہ قیام پاکستان کے بعد اللہ تعالیٰ سے کئے گئے عہد کی پاسداری نہیں کی گئی اور یہ ملک جو اللہ کی بہت بڑی نعمت تھی اس کی ناشکری اور اسلامی شریعت کی نافرمانیاں کی گئیں تو پھر اللہ کی پکڑ آئی۔

اب وقت ہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں لاالہ الااللہ کا ملک بنایا جائے۔ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں مغربی نظام اور ڈھانچے بکھر رہے ہیں۔ مستقبل ان شاء اللہ اسلام اور مسلمانوں کا ہے تاہم قیادت وہی کرے گا جس کا عقیدہ و ایمان مضبوط ہو گا۔ اسی کیلئے آسمانوں سے مد د آئے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کی مکمل تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کیلئے بنایا گیا تھا۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ہر جگہ اسلام کو بنیادی نقطہ قرار دیا۔ پاکستان بنانے کا مقصد مسلمانوں کو اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی دینا تھا۔آج بھی ہم نظریہ پاکستان کی بنیاد پر ہی پاکستان کو اسلامی ریاست بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آج لاکھوں کشمیری بندوقوں کے سائے میں پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ کے نعرے لگا رہے ہیں۔

بھارتی تعلیمی اداروں میں کشمیر کے حق میں نعرے لگ رہے ہیں۔ مسلمان رکن اسمبلی اویسی کی زبان کاٹنے پر ہندووٴں نے انعام کا اعلان کر رکھا ہے۔ یہ سیکولر ریاست کا اصل چہرہ ہے۔ پاکستانی حکمران بھارت سے دوستی کی باتیں کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف ہندوستان میں مسلمانوں کے خون کے ساتھ ہولی کھیلی جاتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ ہو چکا ہے۔

پاکستانی حکمران کشمیریوں کی آزادی کو بھول کر دوستیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر سے نظریہ پاکستان کو پاکستان میں زندہ کرنے کیلئے نوجوان پڑھے لکھے طبقے کو کھڑا ہونا ہو گا۔ اس کے لیے نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ علماء کرام کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ گلی محلوں کی سطح پر نظریہ پا کستان کو اجاگر کریں-

متعلقہ عنوان :