سابق جرمن وزیر خارجہ ویسٹر ویلے انتقال کر گئے

عمر54برس،کینسرکے مرض میں مبتلا تھے،جرمن چانسلر انجیلا میرکل کا اظہار افسوس

اتوار 20 مارچ 2016 17:07

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مارچ۔2016ء) جرمنی کے سابق وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے انتقال کر گئے ۔ اْن کا انتقال 54 برس کی عمر میں ہوا۔ ویسٹر ویلے طویل عرصے سے سرطان کے عارضے میں مبتلا چلے آ رہے تھے۔گیڈو ویسٹر ویلے کی ان ہی سے موسوم ’ویسٹر ویلے فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے انٹرنیٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ہم لڑے، ہماری نظر منزل پر تھی، ہم ایک ساتھ گزرے ہوئے بہترین وقت کے لیے شکر گزار ہیں۔

محبت باقی رہے گی۔ وہ کولون میں زیر علاج تھے۔ اْنہیں گزشتہ سال نومبر میں حالت خراب ہو جانے پر ہسپتال لے جایا گیا تھا اور وہیں آج اْن کا انتقال ہو گیا۔ویسٹر ویلے فاؤنڈیشن کے مطابق سابق وزیر خارجہ خون کے سرطان میں مبتلا تھے۔گیڈو ویسٹر ویلے 2001ء سے لے کر 2011ء تک جرمنی کی لبرل سیاسی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی (ایف ڈی پی) کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

2009ء سے لے کر 2013ء تک وہ جرمنی کے وزیر خارجہ بھی رہے۔ گیڈو ویسٹرویلے ستائیس دسمبر 1961ء کو باڈ ہونیف نامی قصبے میں پیدا ہوئے تھے۔جرمن چانسلر انگیلا میرکل سمیت ملک کے اہم سیاستدانوں نے ویسٹر ویلے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایف ڈی پی کے موجودہ سربراہ کرسٹیان لِنڈنر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھاکہ گیڈو نے بہت سخت مقابلہ کیا ہے۔ یہ دکھ اتنا بڑا ہے کہ اس کے اظہار کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :