پنجاب کے سرکاری کالجوں کی 700 خواتین اسسٹنٹ پروفیسرز کی بطور ایسوسی ایٹ پروفیسرز ترقی

ریکارڈ تعداد میں ترقیوں کا یہ عمل صوبائی سلیکشن بورڈ کے درجن بھر میراتھون اجلاسوں میں مکمل کیا گیا،سکول اساتذہ کی گریڈ 18سے 19 میں ترقی کیلئے بورڈ کا اجلاس مارچ کے آخر میں ہوگا ‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ

اتوار 20 مارچ 2016 17:03

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مارچ۔2016ء) پنجاب کے سرکاری کالجوں کی خواتین اسسٹنٹ پروفیسرز کی بطور ایسوسی ایٹ پروفیسرز ترقی کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں درجن بھر میراتھون اجلاسوں کے بعد 700 خواتین اسسٹنٹ پروفیسرز کو بنیادی پے سکیل 18سے 19میں ترقی دینے کا پراسیس مکمل کر لیا گیاہے۔سفارشات کو حتمی منظوری کے لئے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کو بھجوا دیا گیاہے جس کے بعد محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب اس حوالے سے نئی تعیناتیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی طرف سے اپنے ماتحت کام کرنے والی 811 خواتین اسسٹنٹ پروفیسرز کے کوائف اور ورکنگ پیپر ز صوبائی سلیکشن بورڈ - II کو بھجوائے گئے تھے جن پر عمیق عرق ریزی(جانچ پڑتال) کے بعد 700 خواتین اسسٹنٹ پروفیسرز کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی حتمی سفارشات وزیراعلی پنجاب کو بھجوائی گئی ہے جبکہ نا مکمل کوائف اورلمبی چھٹیوں پر گئی ہوئی خواتین اساتذہ کی ترقی ڈیفرکر دی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں 42 ایسی خواتین اسسٹنٹ پروفیسرز کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے جو سرے سے مفقودالخبر (Un-Traceable ) ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے بتایا ہے کہ یکبارگی 700 خواتین پروفیسرز کی گریڈ- 19میں ترقی پنجاب کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے ۔مزیدبرآں پنجاب کے سرکاری کالجوں کے مزید 400 مرد اسسٹنٹ پروفیسرز کی بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر ترقیوں کیلئے معیار پر پورا اترنے والے اساتذہ کا پینل بھی انڈر پراسیس ہے جبکہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں تعینات گریڈ18کے 108مرد اساتذہ اور 70خواتین اساتذہ پر مشتمل پینلز کو اگلے گریڈ یعنی بی پی ایس- 19 میں ترقی دینے کیلئے صوبائی سلیکشن بورڈ - II کا اجلاس بورڈ کے چیئرمین شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں رواں ماہ کے آخری ہفتے میں منعقد کیا جا رہاہے۔

متعلقہ عنوان :