نوازشریف پیکیج پٹواریوں کی نذر ہو گیا، شہبازشریف پیکیج سے بھی کسانوں کو کچھ نہیں ملے گا‘ چودھری پرویزالٰہی

حکمرانوں نے کسان برباد کر دئیے، ہماری دی گئی سہولتیں و مراعات بھی ختم کر دیں‘پارٹی میٹنگ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

اتوار 20 مارچ 2016 16:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کسانوں کیلئے نوازشریف پیکیج پٹواریوں کی نذر ہو گیا، اب پنجاب میں شہبازشریف پیکیج سے بھی کسانوں کو کچھ نہیں ملے گا، بڑے کے بعد چھوٹے بھائی کسانوں کے کھاتے میں 100ارب روپے ڈال رہے ہیں لیکن وہ پہلے 200ارب کا حساب تو دیں جو کسانوں تک پہنچے ہی نہیں، موجودہ حکمرانوں نے کسانوں کو برباد کر دیا ہے اور ہماری حکومت میں انہیں دی گئی سہولتیں اور مراعات بھی ختم کر دیں،پرویز مشرف کا طیارہ ہائی جیک کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا لیکن انہوں نے پھر بھی شریف برادران کو معاف کر دیا ،ان کا ملک میں آنا جانا لگا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے تنظیمی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کو چاہئے وہ تنظیمی کام تیز کر دیں اور جلد مکمل کر لیں، جعلی ممبر شپ نہیں کی جائے گی۔ سابق صدر پرویزمشرف کے بیرون ملک جانے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ آتے جاتے رہیں گے۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ کسان رو رہا ہے، پیداوار کی آمدن خرچہ سے بھی کم ہے، یہ حکمران صرف کسانوں کا نام لیتے ہیں عملی طور پر کچھ نہیں کیا، پنجاب میں ہمارے بنائے گئے 600کلومیٹر پکے کھالوں، یونین کونسل کی سطح پر دئیے گئے لیزر لیولرز اور لائیو سٹاک کیلئے مفت ادویات اور ویکسینیشن کی سہولتوں میں انہوں نے کوئی اضافہ نہیں کیا بلکہ ہماری حکومت کی جانب سے ساڑھے 12 ایکڑ تک کے مالکان کو دی گئی ٹیکس کی چھوٹ بھی واپس لے لی۔

اجلاس میں سینیٹر کامل علی آغا، چودھری ظہیرالدین، شبیر شاہ، عالمگیر ایڈووکیٹ، میاں عبدالستار، میاں منیر، شیخ عمر حیات، ذوالفقار پپن، تنویر اعظم چیمہ، بلال مصطفی شیرازی، انجینئر شہزاد الٰہی، آمنہ الفت، خدیجہ فاروقی، ماجدہ زیدی، کنول نسیم سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں پہلی تمام تنظیمیں ختم کی گئیں اور مختلف رہنما بطور آرگنائزر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں بھی تنظیم سازی کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے جبکہ طارق بشیر چیمہ، احمد یار ہراج کی زیر قیادت ملتان، خانیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور بہاولنگر میں تنظیم سازی جاری ہے۔ چودھری ظہیرالدین اور محمد بشارت راجہ راولپنڈی، فیصل آباد، چکوال، اٹک، جہلم، باؤ رضوان، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی سیالکوٹ، قصور، نارووال، ننکانہ صاحب میں پارٹی کی ری آرگنائزیشن میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم سازی کا عمل مکمل ہونے پر ڈویژن کی سطح پر پارٹی کنونشن منعقد ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم نو کے سلسلے میں وکلاء، لیبر، ڈاکٹر، یوتھ، اقلیتی، تاجر اور علماء ونگز کے علاوہ ایم ایس ایف کے آرگنائزر بھی مصروف کار ہیں۔

متعلقہ عنوان :