جڑانوالہ، موسلا دھار بارش کیوجہ سے مکان کی چھت گرنے سے دوبچیوں سمیت ایک ہی خاندان کی چار خواتین ملبہ تلے دب کر جاں بحق ہو گئیں

اتوار 20 مارچ 2016 16:20

جڑانوالہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مارچ۔2016ء) گزشتہ رات ہو نے والی موسلا دھار بارش کیوجہ سے مکان کی چھت گرنے سے دو بچیوں سمیت ایک ہی خاندان کی چار خواتین ملبہ تلے دب کر جاں بحق ہو گئیں ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ہو نے والی بارش کے نتیجہ میں نواحی گاؤں 563گ ب شرقی کے محنت کش محمد طاہر کے مکان کی چھت بارش کے پانی کا بوجھ برداشت نہ کر تے ہوئے دھماکہ سے گر گئی جس کے نیچے سوئی ہوئی طاہر کی بیوی شبانہ چار سالہ بیٹی مقدس ،دو سالہ عائشہ اور اٹھارہ سالہ بہن شکیلہ ملبے تلے دب گئیں ۔

(جاری ہے)

شدید بارش اور بادلوں کی گھن گرج کے دوران پڑوسیوں کو بھی چھت گر نے کا علم نہ ہو سکا ۔صبح جب اہل دیہہ اٹھے تو انہیں چھت گر نے کا علم ہوا جس پر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت چھت کا ملبہ اٹھایا تو شبانہ ،شکیلہ ،مقدس اور عائشہ دم توڑ چکی تھیں ۔گھر کا سربراہ محمد طاہر اور اسکا والد عبدالغفور محنت مزدوری کے سلسلہ میں لاہور گئے ہوئے تھے ۔اور انہیں اہل دیہہ نے مذکورہ حادثہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایک ہی گھر میں ہو نے والی چار اموات پر علاقہ بھر کی فضا سو گوار ہو گئی اور لوگ افسردہ ہو گئے ۔

متعلقہ عنوان :