حکمران مکمل طور پر ناکام ہی نہیں بلکہ حکمرانی کا اخلاقی جواز بھی کھو چکے ہیں‘ پرویز مشرف پر اعلیٰ عدالتوں میں سنگین مقدمات کی سماعت کے باوجود بیرون ملک اجازت دے کر مجرمانہ غفلت اور اپنی نااہلی کا ثبوت فراہم کیا

پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر وگورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی بات چیت

اتوار 20 مارچ 2016 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر وگورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور اداروں کی بالا دستی کے لئے پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسی کو کمزوری تصور کرنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ جنوبی پنجاب اور 26مارچ کا جلسہ عام آئندہ کا لائحہ عمل اور ملکی سیاسی صورتحال کی راہیں متعین کرے گا۔

یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ اور 26مارچ کے جلسہ رحیم یار خان کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جب کہ اس موقع پر جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری شوکت بسرا ، جنوبی پنجاب کے سینئر ایڈوائزر عبدالقادر شاہین اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ رضوان عالم سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولہ آئینی و قانونی تقاضے پورے کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہی نہیں بلکہ حکمرانی کا اخلاقی جواز بھی کھو چکے ہیں۔ پرویز مشرف پر اعلیٰ عدالتوں میں سنگین مقدمات کی سماعت کے باوجود بیرون ملک اجازت دے کر مجرمانہ غفلت اور اپنی نااہلی کا ثبوت فراہم کیا۔ وہاں انہوں نے عدالتی فیصلوں کے پیچھے چھپنے کی روایات کو بھی برقرار رکھا ہے ۔

ان کا یہ طرز حکمرانی ملک و قوم ، جمہوریت اور اداروں کی مضبوطی میں مشکلات پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ہمیشہ آمروں کے خلاف اپنی آواز کو بلند ، ان کا مقابلہ اور جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ بینظیر بھٹو نے پرویز مشرف کو یونیفارم سے محروم کیا، زرداری نے ایوان صدر سے نکالا۔ موجودہ حکومت نے سنگین مقدمات کے باوجود انہیں فرار کا موقع فراہم کیا۔