سیرت ِ غوث اعظم تا قیامت اہل تصوف کے لئے مینارہٴ نور رہے گی، علی نوازالقادری

اتوار 20 مارچ 2016 15:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مارچ۔2016ء ) اتحاداہلسنت بلوچستان کے صوبائی رہنماعلامہ علی نوازالقادری نے اسماعیل کلی میں محفل نعت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیرت ِ غوث اعظم تا قیامت اہل تصوف کے لئے مینارہٴ نور رہے گی آپ رضی اللہ عنہ نے علم و عمل اور اپنے اعلیٰ اخلاق و کردار سے ایک جہان کو فیضیاب فرمایا سیدنا عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ اولیاء کے ماتھے کا جھومر اور علماء و فقہاء کی مجلس کی زینت تھے ۔

قلم اٹھاتے تو اصلاح و فلاح کا اعلیٰ دستور دیتے ۔وعظ و نصیحت کرتے تو گمراہ لوگوں کو صراط مستقیم پر گامزن کرتے آپ رضی اللہ عنہ مسجد کے امام ،کتابوں کے مصنف ،پایہٴ کے مبلغ ،مجاہد و مفتی اور مرشد کامل تھے شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ نے دنیاداروں کی مجالس کو ترک کیا ۔

(جاری ہے)

اہل اللہ کی محافل کو رواج دیاخانقاہ کی بنیاد رکھی بلکہ آپ نے تصوف میں جہالت کو ہلاکت قرار دیا ہے تکبر و ریا کو اس پاکیزہ ماحول میں زہر قاتل گردانا ہے حضرت غوث اعظم رضی اللہ عنہ کی کتب علم و معرفت ،تصوف و روحانیت بلکہ عشق رسول ﷺ کا حسین مرقع ہیں جن سے ملتِ اسلامیہ تا قیامت راہنمائی حاصل کرتی رہے گی حکومت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی کتب کو شاملِ نصاب کر کے نسلِ نو میں پیغامِ امن کو عام کر سکتی ہے