کراچی ، مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد

اتوار 20 مارچ 2016 14:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مارچ۔2016ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔کراچی کے علاقے سائٹ ایریا سے بینک ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایس ایس پی نوید خواجہ کے مطابق گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان ریحان احمد عرف چوہا، محمد عدنان اور عبدالماجد 2000 ء سے بینک ڈکیتیاں اور بینک سے نکلنے والے شہریوں کو لوٹ رہے تھے۔

پولیس کی تفتیشی رپورٹ میں ملزمان کے حوالے سے کئی سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے۔ملزمان نے 2011 ء میں طارق روڈ پر تین نجی بینکوں، سائٹ ایریا کے دو بینکوں،اور گلبرگ چورنگی کے ایک نجی بینک سے پیسے نکال کر باہر آنے والے شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹا اور فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

2003 ء میں آئی آئی چندریگرروڈ اور کلفٹن میں شہریوں سے لوٹ مار کی۔ 2014 ء میں حیدری کے دو بینکوں اور ء 2016 میں یو پی موڑ میں بینک سے نکلنے والے شہری سے رقم لوٹی۔

ملزمان پہلے بھی گرفتار ہوچکے ہیں مگر اتنے شاطر ہیں کہ گرفتاری کے بعد اپنا غلط نام بتاتے اور غلط نام سے ہی جیل جاتے تھے۔دوسری جانب کراچی کے علاقے موچکو میں پولیس نے مقابلے کے بعد 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ایس پی کیماڑی ذیشان صدیقی کا کہنا ہے کہ ملزمان اقدام قتل، پولیس مقابلے اورغیرقانونی اسلحہ رکھنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔پولیس نے شیریں جناح کالونی میں ایک اور کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

متعلقہ عنوان :