ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے تباہی ، 32 افراد جاں بحق، پاکستان میں کئی جگہوں پر چھتیں ، برفانی تودہ گرنے سے اموات ، کئی افراد زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے ، طبی امداد کا سلسلہ جاری

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 20 مارچ 2016 13:11

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے تباہی ، 32 افراد جاں بحق، پاکستان میں ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20مارچ۔2016ء) ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارش نے قیامت ڈھادی ، بچوں اور خواتین سمیت بتیس افرادکی زندگی کا چراغ گل ہوگیا ، آزاد کشمیر میں سیکڑوں گھر تباہ ہوگئے ۔ آزاد کشمیر ، خیبر پختونخوا ، کرم ایجنسی ، فیصل آباد سمیت مختلف علاقوں میں آسمان سے برستے پانی نے قیامت ڈھا دی ۔ جڑانوالہ کے گاؤں میں بارش سے گھر کی چھت گرگئی جس سے ماں اور دو بیٹیوں سمیت چار خواتین دم توڑ گئیں ۔

چارسدہ میں گھر کی بوسیدہ چھت موسلا دھار بارش کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور گرگئی ۔ چھت گرنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا ، پشاور کے علاقے ارمڑ میں گھر کی چھت گرنے سے 2 ننھے پھول مرجھا گئے ۔ واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوگئے ۔ چترال کے علاقے میں برفانی تودہ گرنے سے 6 افراد دب گئے ۔

(جاری ہے)

مظفر آباد میں پہاڑی تودہ گھر پر گرنے سے میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد دم توڑ گئے ۔

راولا کوٹ میں چھت گرنے سے دو خواتین ، باغ میں لینڈ سلائیڈنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے ۔ ایل او سی پر واقعہ ضلع حویلی میں گرنے والے گھر نے دو خواتین عباس پور کے بٹول گاؤں میں ماں بیٹی کی جان لے لی ۔ آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے سیکڑوں گھر تباہ اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا ۔ شاہراہ نیلم سمیت کئی سڑکیں بند ہیں ، ضلع باغ کا اسلام آباد سے رابطہ منقطع ہے ۔ کرم ایجنسی میں میاں بیوی اور ان کے چار بچے جبکہ لوئر دیر تیمر گرہ میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندادن کے پانچ افراد جاں بحق دو زخمی ہوگئے ۔