شریف برادران اپنے دور حکومت میں جنرل پرویز مشرف کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے‘ پاکستان میں آج بھی آئین سے ماورا اور آرٹیکل 6سے زیادہ طاقت رکھنے والے لوگ موجود ہیں‘عدلیہ ، میڈیا اور طاقتور ایسٹبلشمنٹ کی’ خاص محبت‘ کاہمیشہ وار صرف پیپلزپارٹی پر ہی چلا ہے‘آمروں اور آمریت پسندوں نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اقدار کا جنازہ نکالا ہے

سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی پارٹی کارکنوں کے وفد سے بات چیت

ہفتہ 19 مارچ 2016 22:18

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مارچ۔2016ء ) سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ شریف برادران اپنے دور حکومت میں جنرل پرویز مشرف کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔ پاکستان میں آج بھی آئین سے ماورا اور آرٹیکل 6سے زیادہ طاقت رکھنے والے لوگ موجود ہیں۔عدلیہ ، میڈیا اور طاقتور ایسٹبلشمنٹ کی’ خاص محبت‘ کاہمیشہ وار صرف پیپلزپارٹی پر ہی چلا ہے۔

ن لیگ سمیت دیگر سیاسی قوتوں کو ہمیشہ ریلیف ہی ملا ہے۔ معاشی بدحالی کے دکھوں اور مصیبت سے نڈھال غریب عوام کو مہنگائی نے بہت پریشان کررکھا ہے۔ آمروں اور آمریت پسندوں نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اقدار کا جنازہ نکالا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کا دورہ جنوبی پنجاب ورکروں میں ایک نیا ولولہ اور جوش پیدا کرے گا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے کارکنان چیئرمین بلاول بھٹو کا فقیدالمثال استقبال کریں گے۔

پیپلزپارٹی کا رحیم یارخان میں جلسہ عام اور عوامی رابطہ مہم تخت لاہور کے چاروں پائے ہلا کر رکھ دے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ لاہور میں پیپلزپارٹی فیصل آباد کے ضلعی جنرل سیکرٹری وٹکٹ ہولڈر محمد اعجاز چوہدری کی قیادت میں ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات محمد طاہر شیخ، لال حسین راشد، سرمد فضل حسین راہی اور کوآرڈی نیٹر اے جے کے پیپلزپارٹی چوہدری خادم حسین کے ہمراہ پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جنوبی پنجاب پی پی پی کے صدر مخدوم احمد محمود نے کہا عوام دشمن لیگی قیادت نے ہمیشہ ابن الوقت مفاد پرستی کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور جمہوری اقدار کو روندا ہے۔ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی بقاء اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ جبکہ لیگی کمیشن مافیا نے غریبوں اور محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے نام پر قومی سرمائے کو لوٹا ہے۔

خوشحال پاکستان بنانے والوں نے اپنے دور حکومت میں اب تک مایوسیوں اور تکلیفوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ پارٹی جیالے اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں بلاول بھٹو عنقریب پورے پنجاب کے طوفانی دورے کریں گے اور پیپلز پارٹی کو شہید بھٹو بے نظیر کے ویژن کے مطابق دوبارہ منظم وفعال کریں گے۔ ناقدین اور مخالفین کے تمام تر تبصرے اور دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوں گے۔ کیونکہ بھٹوازم کی تکمیل ہماری منزل ہے۔