طلباء کی کامیابی اور ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی، پروفیسر انوار احمد زئی

ہفتہ 19 مارچ 2016 20:43

کراچی ۔ 19 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 مارچ۔2016ء) چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر انوار احمد زئی سے یونائیٹڈ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن (اپسا) کے وفد نے جنرل سیکریٹری منور حمید کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد حیات، انفارمیشن سیکریٹری شفیق احمد عباسی، فنانس سیکریٹری مہربان علی خان، ممبر ایگزیکٹیو کونسل غزالہ شاہین اور زریں تکریم شامل تھیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جنرل سیکریٹری منور حمید نے چیئرمین بورڈ کو سالانہ امتحانات کے دوران نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل سے اورممکنہ سیکورٹی خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی عمل طلباء کی ترقی اور کامیابی کا زینہ ہے جس کی شفافیت سے طلباء کا مستقبل وابستہ ہے لہٰذا امتحانات کے دوران درپیش تعلیمی مسائل اور دشواریوں کا سدباب کیا جائے تاکہ مستقبل کے معمار پرامن ماحول میں ذہنی یکسوئی کے ساتھ اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا کہ موجودہ بورڈ انتظامیہ کو طلباء سمیت تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل اور خدشات کا پوری طرح ادراک و احساس ہے اور ہم ان کے تدارک کے لئے شبانہ روز مصروف عمل ہیں، اس بار ہم نے قبل از وقت ہی تعلیمی اداروں کو امتحانات کے دوران پیش آور مسائل کو نہ صرف دور کردیا ہے بلکہ امتحانی مراکز میں سیکورٹی انتظامات کو مکمل کرتے ہوئے سخت حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کی کامیابی اور ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ہر سطح پر دور کی جائیں گی تاکہ طلباء کامیابی کی بلند اور دشوار چوٹیوں کو بہ آسانی سر کرسکیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار فتح مندی کے ساتھ نبھا سکیں۔ اس موقع پر وفد نے ناظم امتحانات ہدایت اللہ انصاری کی امتحانات کے حوالے سے کی گئی شبانہ روز کاوشوں اور خدمات کو بھی سراہا اور ماضی کے مقابلے میں قبل از وقت انرولمنٹ کارڈ کے اجراء پر مبارکباد دی۔