حکومت اور پس پردہ قوتوں نے مشرف کو ریلیف دے کر سب کو شرمسار کردیا ‘ لیاقت بلوچ

امریکہ نے ریمنڈ ڈیوس کی طرح اپنے پسندیدہ فوجی آمر کو بھی چھڑوالیا ہے ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

ہفتہ 19 مارچ 2016 20:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جنرل پرویز مشرف پاکستان اور افواج پاکستان کے لیے بدنامی کا باعث ہیں، حکومت اور پس پردہ قوتوں نے مشرف کو ریلیف دے کر سب کو شرمسار کردیا ، امریکہ نے ریمنڈ ڈیوس کی طرح اپنے پسندیدہ فوجی آمر کو بھی چھڑوالیا ہے ۔ مسلم ٹاؤن میں سماجی تنظیموں کے نمائندگان کو دیے گئے عصرانہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات اور مردم شماری صاف ، شفاف اور غیر جانبدارانہ ہو تو عوام کا اعتماد بحال ہوگا ۔

جمہوریت پائیدار ہوگی اور قومی وسائل کی بھی منصفانہ تقسیم کی جاسکے گی ۔ملک کا کرپٹ نظام ہر اچھے عمل کے راستہ کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے سوالوں کے جواب میں کہاکہ عالم اسلام میں اتحاد ناگزیر ہے ۔ عالم اسلام میں تفریق مسلمانوں کے لیے ہی تباہی کا باعث ہے ۔ پاکستان ، ترکی ، ملائیشیا، انڈونیشیا مل کر سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کو معمول پر لائیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے ریاض اور تہران کا دورہ کر کے اچھا آغاز کیا لیکن یہ عمل ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ لیاقت بلوچ نے سماجی تنظیموں کے قائدین سے اپیل کی کہ پاکستان کو کرپشن ، غربت اور جرائم سے پاک کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم کا ساتھ دیں ۔

متعلقہ عنوان :