غیر ت کے نام پر خواتین کے قتل کیخلاف قانون سازی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے ‘ مخدوم احمد محمود

آئین پاکستان بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے جعلی شیروں کی نا اہل حکومت نے غریبوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے‘ سابق گورنر پنجاب

ہفتہ 19 مارچ 2016 20:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا شہید بینظیر بھٹو کا مشن تھا غیر ت کے نام پر قتل معاشرے کے لیے بدنماء داغ ہے عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہمارا مشن ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہی ۔

مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری روایات کی پاسبان جماعت ہے اس کیخلاف سازشوں کو ناکام بنا دینگے پیپلز پارٹی پانچوں صوبوں میں یکساں مقبول اور وفاق کی علامت ہے اسے ختم کرنیو الے خود ختم ہو جائیں گے انہو ں نے کہا کہ استحکام جمہوریت کا سہرا پیپلز پارٹی کے سر ہے جو ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چلی اور جمہوریت کی خاطر ہر قر بانی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہی یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملک میں پہلی بار آئینی اور قانونی تحفظ کے ساتھ خواتین کو مخصوص نشستوں پر پارلیمنٹ میں ممبر بنایا۔ فرسٹ وومن بینک قائم کر کے خواتین کو ملک میں باعزت روز گار کے ذرائع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں انکے لیے علیحدہ پولیس اسٹیشن قائم کیے پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کے مسائل اور انکے حقوق کی بازیابی کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویثرن کے مطابق انکے ادھورے مشن کوچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آگے بڑھائے گی انہوں نے وزیر اعظم میاں نوا ز شریف اور انکی وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں غیر ت کے نام پر خواتین کے قتل کیخلاف قانون سازی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے غیر ت کے نام پر قتل کیخلاف قانون سازی کے لیے گزشتہ سال سینیٹ میں پیش کیے گئے بل کو فورا مزید کاروائی کے لیے اٹھایا جائے انہوں نے کہا کہ عورت کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے لیکن موجودہ عہد کے سماج میں عورت کے کردار کو سمجھنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ سیاسی جماعت رہی ہے جس نے ہمیشہ عورتوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کی بات کی اور آج کے دور میں ضرورت بھی اس امر کی ہے کہ عورت کی اہمیت کو پہنچانا جائے کیونکہ آئین پاکستان بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے لیکن افسوس کہ جعلی شیروں کی نا اہل حکومت نے غریبوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات جبکہ اسکولوں میں سہولتیں ناپید ہونے سے لوگ بچے بھی داخل نہیں کروا رہے قومی سطح کے معاہدے اور فیصلے پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے کیے جا رہے ہیں جو سراسر گھاٹے کا سودا ہے۔

متعلقہ عنوان :