چیف سیکرٹری پنجاب کی صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

ڈی سی اوزکو ہسپتالوں میں مسنگ فیسلٹیزکی فراہمی اور سکولوں کی خطرناک عمارات کی تعمیر کاکام جلدمکمل کرنے کا حکم

ہفتہ 19 مارچ 2016 20:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مارچ۔2016ء) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں مفت ادویات اوربہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کو تاہی ہر گزبرداشت نہیں کی جائیگی ،صحت اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے مقرر کردہ اہداف کا حصول ضلعی افسران کی ذمہ داری ہے،انہوں نے کمشنرز اور ڈی سی اوز کو دونوں شعبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ اور کارکردگی بارے رپورٹ ماہانہ بنیاد پر بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔

صوبے بالخصوص جنوبی کے ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ شہروں کی طرح دیہی علاقوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہعوام کو معیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل فراہم جا رہے ہیں۔

دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کو پرکشش تنخواہ اور مراعات دی جارہی ہیں تاکہ وہ زیادہ محنت اور جذبے سے کام کریں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے ڈی سی اوزکو ہسپتالوں میں مسنگ فیسلٹیزکی فراہمی اور سکولوں کی خطرناک عمارات کی تعمیر کیلئے فنڈز کے سو فیصد استعمال اورکام کوجلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں ہونیوالی کمشنرز کانفرنس میں دونوں شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جائے گا۔ لیہ، بھکر اور مظفر گڑھ کے ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز (ہیلتھ) نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی‘ اجلاس میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،سیکرٹری صحت ، سیکرٹری خزانہ، کمشنر ڈی جی خان ا وردیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :