وزیراعلیٰ پنجاب کا کاشتکاروں کی محنت کو سلام

مٹی کے پیٹ سے اناج پیدا کرنے والے عظیم پاکستانی میرے بھائی ہیں‘شہبازشریف `

ہفتہ 19 مارچ 2016 19:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب زرعی کانفرنس2016 کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کاشتکاروں کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مٹی کے پیٹ سے اناج پیدا کرنے والے عظیم پاکستانی ہیں اور میں انکی محنت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ روایتی کانفرنس ہے نہ یہاں روایتی تقریر کروں گا۔

وزیر اعلیٰ نے زرعی شعبہ میں پاکستان خصوصاََ پنجاب کی عظمت رفتہ کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے کے شاندار ماضی کو دوبارہ حاصل کرنا ہے اور اس ضمن میں کاشکاروں، زرعی سائنسدانوں اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کو ملکر کام کرنا ہو گا اورزرعی شعبہ میں دم توڑتی ریسرچ کو بحال کرنا ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے جب زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کے لئے 100ارب کے بجٹ کا اعلان کیا تو ہال میں موجود کاشتکاروں نے بھرپور تالیاں بجائیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پرکہا کہ زراعت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بال اب آپ کے کورٹ میں ہے، اس کو کس طرح ہٹ کرنا ہے، یہ آپ پر منحصر ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ آج شام پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ میچ بھی ہے اور یہ میچ جیتنے کے لئے پاکستانی ٹیم کو بھی بال کو زور دار ہٹ لگانا ہو گی اور ہم سب کی دعائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر کا اختتام ان اشعار پر کیا : تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں۔۔۔تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے۔۔۔نہیں یہ شان خود داری چمن سے توڑ کر تجھ کو۔۔۔کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے۔

متعلقہ عنوان :