پاک چین دوستی انمول، دنیا میں اپنی مثال آپ

وزیراعلیٰ کی پاکستان چین مضبوط معاشی ،تجارتی اور سماجی تعلقات کی مدلل انداز میں بھرپور وکالت چینی قونصل جنرل کا شفافیت اوراعلیٰ معیار سے منصوبوں کی تکمیل کا کلچر متعارف کرانے پرخراج تحسین

ہفتہ 19 مارچ 2016 18:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے 5ویں پاک چائنہ بزنس فورم کی افتتاحی تقریب سے انتہائی جذباتی انداز میں خطاب کیا اور پاک چین دوستی کو دنیا میں اپنی مثال آپ قرار دیتے ہوئے کہاکہ چین اور پاکستان کے تعلقات انمول ہیں جس کی دنیا بھر میں کوئی دوسری نظیر نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان اور چین کے مابین مضبوط معاشی ،تجارتی اور سماجی تعلقات کی مدلل انداز میں بھرپور وکالت کی اور کہاکہ چین نے جس طرح مشکل وقت میں پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے ،اس پر ہم چین کے بے حد شکر گزار ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں چین کی پاکستان میں46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو ایک عظیم تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے یہ تاریخ ساز پیکج غیر مشروط طور پر دیا ہے اور اس عظیم تحفے کو پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے چین کے تعاون سے پاکستان میں منصوبوں پر جاری کام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سال ہا سال منصوبے فائلوں میں بند رہتے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں منصوبوں پر نہ صرف کا شروع ہو چکا ہے بلکہ انتہائی برق رفتاری سے منصوبوں کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں اتنی تیزی اور شفافیت سے منصوبوں پرکام کرنے کی نہ کوئی مثال ہے اور نہ کبھی اس طرح محنت اور عزم کے ساتھ منصوبوں پر کام کیا گیا ہے۔ بلا شبہ ایک نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے اور ماضی کی تاریخ کا دھارا بدل رہا ہے۔ چین کے قونصل جنرل یو بورن نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے صوبہ میں مفاد عامہ کے منصوبوں کی تکمیل کا کلچر متعارف کرایا ہے اور وہ وسائل امانت سمجھ کر عوام کی فلاح پر خرچ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ ، بہاولپور میں900میگا واٹ کے سولر منصوبے اور گیس پاور پلانٹس سمیت دیگر منصوبوں پر جتنی تیزی سے کام کیا جارہا ہے اس کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو جاتا ہے ۔ جو دن رات صرف اور صرف کام میں مصروف رہتے ہیں۔ یوبورن نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر بھی دن رات کام ہو رہاہے۔ بلا شبہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی پر عزم قیادت میں صوبہ کی معیشت ترقی کر رہی ہے ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک چین تعلقات کو نئی بلند یوں پر لے جانے میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کا بے پناہ عمل دخل ہے۔

متعلقہ عنوان :