سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی ڈسپنسریوں کو ٹیچنگ ہسپتالوں کے فلٹر کلینکس کا درجہ دینے کا فیصلہ

ٹیچنگ ہسپتالوں کے کیچ منٹ ایریا میں واقع ڈسپنسریوں کو متعلقہ ہسپتال کے ساتھ منسلک کیا جائیگا

ہفتہ 19 مارچ 2016 18:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مارچ۔2016ء ) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر انتظام چلنے والی ڈسپنسریوں کو ٹیچنگ ہسپتالوں کے فلٹر کلینکس کا درجہ دینے کا فیصلہ کر لیا گیاہے اس اقدام سے بڑے ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور کے علاوہ وارڈوں میں مریضوں کا رش اور ورک لوڈ کم کرنے میں مدد ملے گی جس سے ہسپتالوں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا - اس سلسلہ میں ہفتہ کے روز سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج /جناح ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ملک ظہیر عباس، چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی، ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد سعید اوردیگر افسران نے شرکت کی-سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہاکہ ضلعی حکومت کے ماتحت شہر میں چلنے والی ڈسپنسریز کو بڑے ہسپتالوں کے ساتھ منسلک کرنے سے معمولی نوعیت کی بیماریوں کے علاج کی بہتر سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی مزید برآں مریضوں کو عام بیماریوں کے لئے ٹیچنگ ہسپتالوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا جس سے مذکورہ ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور میں مریضوں کا رش کم ہوگا-انہوں نے کہاکہ جس علاقے میں ٹیچنگ ہسپتال واقع ہوگا اسی علاقے کے ٹاؤن میں واقع ڈسپنسریز کو ہسپتال کے ساتھ بطور فلٹر کلینک منسلک کیا جائے گاجہاں علاج معالجہ کی معیاری سہولیات اور کنسلٹنٹ کی خدمات فراہم کی جائیں گی اورجن مریضوں کو مزید تشخیص و علا ج کے لئے ہسپتال ریفر کرنے کی ضرورت ہوگی اسے متعلقہ ہسپتال میں ریفر کیا جائے گا-اجلاس کو بتایاگیا کہ ابتدائی طورپر جناح ہسپتال کے ساتھ اس کے کیچمنٹ ایریا میں واقع ڈسپنسریز کومتعلقہ ہسپتال کے ساتھ منسلک کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں اس سلسلہ میں ای ڈی او ہیلتھ لاہور اور جناح ہسپتال کی انتظامیہ کے درمیان معاملات کو تحریری طو رپر باقاعدہ شکل دی جائے گی جس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں -اس اقدام سے مریضوں کو قطار وں میں لگنے اور باری کے انتظار کی کوفت سے نجات مل جائے گی نیز بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج معالجہ اور دیکھ بھال زیادہ بہتر طریقہ پر ہوگی- سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہاکہ تمام اقدامات کا مقصد مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے-(

متعلقہ عنوان :