تھانوں میں تعینات تمام عملہ اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے لئے آپریشنز اور انویسٹی گیشن کے تھانیداروں اور کانسٹیبلوں کی بھرپور معاونت کریں،سی سی پی او لاہور

ہفتہ 19 مارچ 2016 18:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مارچ۔2016ء ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ تھانوں میں تعینات تمام ایڈمن افسرقتل ، اغوا ، ڈکیتی قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے لئے آپریشنز اور انویسٹی گیشن کے تھانیداروں اور کانسٹیبلوں کی بھرپور معاونت کریں اور جن اشتہاریوں کے شناختی کارڈز اور موبائل نمبرز دستیاب ہیں جیو فینسنگ اور CDR کے ذریعے ان کے ٹھکانوں کے حوالے سے معلومات حاصل کرکے نہ صرف ریڈنگ ٹیمز کو دیں بلکہ ریڈ پلان میں بھی ان کی ہر ممکن معاونت کریں ۔

انہوں نے کہا کہ جس تھانے کا ایڈمن افسر A کیٹگری یعنی سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری کو گرفتار کرائے گا اسے تعریفی سند کے ساتھ ساتھ نقد انعام بھی دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس بات پر خاص توجہ رکھی جائے کہ ایڈمن افسر جو اشتہاری گرفتار کروائیں متعلقہ ایس پی کے علم میں لا کر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس کی تفتیش درست انداز میں ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایڈمن افسران کی ہفتہ وار میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا،ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک اور ایس پی سی آر او بھی موجود تھے ۔

سی سی پی او نے کہا کہ کرائے داروں کی رجسٹریشن کے لئے استعمال ہونے والے فارم میں کرایہ دار فیملی کے تمام مرد اور خواتین کے نام اور شناختی کارڈنمبر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے ۔کیونکہ اکثر اشتہاری ملزم اپنے نام کی بجائے اپنی بیوی ،بیٹے یا بھائی کے نام پر کرایہ داری کا فارم پُر کر کے باآسانی شہر میں کرایہ دار کی صورت میں روپوش ہو جاتے ہیں ۔

اس موقع پر ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایڈمن افسروں نے جس طرح تھانے میں آنے والے شہریوں کیساتھ شائستہ رویے کی بنیاد رکھ کر تھانہ کلچرمیں تبدیلی کا واضح عندیہ دیا ہے اسی طرح انہیں شہر میں جرائم کی وارداتوں میں ملوث اشتہاری ملزموں کی گرفتاری میں بھی اپنا کردار ادا کر کے یہ بات ثابت کر نا ہے کہ شہریوں کی خدمت اور جرائم کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔

محمد امین وینس نے اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیراکو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انویسٹی گیشن کے ایڈمن افسروں کو معمولی جرائم کے مقدمات کی تفتیش دینا شروع کریں اور کچھ عرصے بعد انہیں سنگین جرائم کے مقدمات کی تفتیشیں بھی دیں جائیں اور تفتیش کا تجربہ حاصل کرنے کے بعد انہیں مختلف تھانوں میں بطور انچارج تعینات کیا جائے۔

تھانہ غالب مارکیٹ کے ایڈمن افسر اعجاز حفیظ کی جانب سے اس امر کی نشاندہی کیے جانے کہ تھانے میں انویسٹی گیشن کی گاڑی خراب ہے اور اس کی جگہ کوئی گاڑی دستیاب نہیں سی سی پی او نے ایس پی ہیڈکوارٹر کو فوری طور پر انویسٹی گیشن ونگ تھانہ غالب مارکیٹ میں گاڑی بھجوانے کا حکم دیا اسی طرح تھانہ سندر کے ایڈمن افسر انویسٹی گیشن کی جانب سے اس بات کی نشاندہی کہ آپریشنز کے ایڈمن افسروں کو 2 لیٹر پٹرول روزانہ ملتا ہے جبک انویسٹی گیشن کے ایڈمن افسروں یہ پٹرول نہیں مل رہا سی سی پی اونے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو فوری حکم دیا ہے کہ انویسٹی گیشن کے ایڈمن افسروں کو بھی پٹرول کی سہولت فراہم کی جائے۔

تھانوں میں شہریوں کے ساتھ شائستہ رویہ رکھنے اور شہریوں کے مسائل ذاتی دلچسپی لے کر حل کروانے پر سی سی پی او نے ایڈمن افسر غالب مارکیٹ ، ایڈمن افسر مزنگ، ایڈمن افسر سندر سمیت 7 تھانوں کے ایڈمن افسروں کو پانچ پانچ ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سند دینے کا بھی حکم دیا

متعلقہ عنوان :