حکومت پنجاب اپنے وسائل میں اضافے کے لئے سیلز ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے نیٹ کو پھیلا رہی ہے‘ وزیر خزانہ پنجاب

آئندہ بجٹ میں ووکیشنل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ تعلیم زراعت اور ہیلتھ کے شعبہ جات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے‘ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

ہفتہ 19 مارچ 2016 17:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اپنے وسائل میں اضافے کے لئے سیلز ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے نیٹ کو پھیلا رہی ہے،آئندہ بجٹ میں ووکیشنل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ تعلیم زراعت اور ہیلتھ کے شعبہ جات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے،چیف فنانشیل آفیسر کاکردار اب محض اداروں کے مالیاتی معاملات کی نگرانی اور بے ضابطگیوں پر کنٹرول تک محدود نہیں رہا بلکہ تجارتی نظام میں مثبت تبدیلیوں اور اداروں کی تنظیم نو کا سہرا بھی انہی کے سر ہے،اس ضمن میں آئی سی ایم اے بہترین خدمات سرانجام دے رہاہے جہاں سے ہر سال مالیاتی ماہرین کی ایک بڑی کھیپ پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر میں اپنا لوہا منوا رہی ہے-ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹس پاکستان کے زیر اہتمام ’’سی ایف او 2016 کے عروج پر‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت بیروزگاری سے بھی بڑا مسئلہ جو ترقی کی راہ میں حائل ہے وہ نوجوانوں کو ان کی تعلیمی قابلیت کے مطابق ملازمتوں کی عدم دستیابی ہے جس کی بڑی وجہ ایسی مہارتوں کا فقدان ہے جن کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے- بیروزگاری کی شرح میں کمی اور گروتھ ریٹ میں اضافے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی یوتھ فورس کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں کیونکہ اس وقت ہم اپنی آبادی کے نصف سے زائد حصے کے ضیاع کے ہر گز متحمل نہیں ہو سکتے۔

صوبائی وزیر نے سیمینار کے شرکاء کو بتایا کہ حکومت پنجاب اپنے وسائل میں اضافے کے لئے سیلز ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے نیٹ کو پھیلا رہی ہے-انہوں نے کہاکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے محصولات کی وصولی کا ایک شفاف نظام متعارف کروایاہے جس سے وصولیوں کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہواہے-ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں ووکیشنل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ تعلیم زراعت اور ہیلتھ کے شعبہ جات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے- پنجاب ایک زرعی صوبہ ہے جس کی ترقی کا انحصار زراعت پر ہے اس لئے ہم اپنے کسان بھائیوں کے لئے بہترین پیکیج لا رہے ہیں جو نہ صرف ان کے مسائل کو ختم کرے گا بلکہ وسائل میں بھی اضافہ کرے گا تاکہ وہ ہمیں بہترین پیداوار دیں اور پنجاب کے گروتھ ریٹ میں اضافے کے لئے اپنا کردار ادا کریں-سیمینار سے ایف سی ایم اے سید احمد اشرف، پریزیڈنٹ آئی سی ایم اے کاشف متین انحصاری اورپرنسپل نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اشفاق حسن خان نے بھی خطاب کیا-آخر میں ادارے کے منتظمین نے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کو سوینئر پیش کی۔