لیگی رہنماؤں کا مشرف کو معاف کردینے کا بیان عذر گناہ بدتر از گناہ کے متراف ہے، پاکستان پیپلزپارٹی

لیگی رہنماء صرف اتنا بتا دیں وزیراعظم کس قانون ،آئینی حق کے تحت انہیں معاف کر سکتے ہیں،ارکان قومی اسمبلی

ہفتہ 19 مارچ 2016 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی، شاہدہ رحمانی، نواب وسان اور نعمان شیخ نے مسلم لیگ ن کے وزراء اور رہنماؤں کی جانب سے دیے گئے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان رہنماؤں کا یہ کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پرویز مشرف کو معاف کردیا ہے دراصل عذر گناہ بدتر از گناہ کے متراف ہے، انہوں نے سوال کیا کہ ن لیگ کے رہنما صرف اتنا بتا دیں کہ وزیراعظم کس قانون اور کس آئینی حق کے تحت انہیں معاف کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کی زبانیں اب سے پہلے یہ کہتے نہیں تھکتی تھیں کہ پرویز مشرف نے آئین کو توڑا اور پاکستانی قوم سے غداری کی ہے اگر ان کے بیانات کو تسلیم کیا جائے تو یہ بتایا جائے کہ قوم سے غداری کرنے والے کو وزیراعظم کس طرح معاف کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان رہنماؤں کے قول کا تضاد بھی قوم کے سامنے کھل کر آگیا ہے کہ وزیرداخلہ کہتے ہیں کہ پرویز مشرف وعدہ کر کے گئے ہیں کہ وہ دو ہفتوں میں واپس آجائیں گے اور دیگر رہنما انہیں معاف کرنے کی باتیں کررہے ہیں ،اس موقع پر یہ بھی واضح ہونا چاہیے کہ آرٹیکل 6کے تحت درج ہونے والے مقدمہ کا فیصلہ صرف عدالتیں کر سکتی ہیں۔