عمران ،طاہر القادری اور شیخ رشید یقینا کوئی منصوبہ بندی کرنے کیلئے ایک مقام پر اکٹھے ہوئے ‘ سردار ایاز صادق

میں تو پرویز مشرف کو بہت طاقتور سمجھتا تھا لیکن وہ تو کمزور نکلے اور بھاگ گئے ‘ اسپیکر قومی اسمبلی کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 19 مارچ 2016 17:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان، شیخ رشید اور ڈاکٹر طاہر القادری پاک بھارت میچ کا بہانہ بنا کر بھارت میں اکٹھے ہوئے ہیں جہاں وہ یقینا کوئی منصوبہ بندی ہی کر رہے ہوں گے ،میں تو پرویز مشرف کو بہت طاقتور سمجھتا تھا لیکن وہ تو کمزور نکلے اور بھاگ گئے ،انکے خلاف عدالتوں میں جاری مقدمات ضرور آگے بڑھیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ تینوں ایک بار پھر ایک مقام پراکٹھے ہو گئے تویقینا کوئی منصوبہ بندی کر رہے ہوں گے ۔ پاک بھارت میچ تو ایک بہانہ ہے۔انہوں نے پرویز مشرف کے بیرون ملک روانگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پرویز مشرف کامعاملہ قانون کے مطابق آگے بڑھے گا ، مشرف کے خلاف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات ضرور آگے بڑھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں تو انہیں بڑا طاقتور سمجھتا تھا لیکن وہ کمزور نکلے او ربھاگ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر قومی ٹیم دھرم شالا میں کھیلتی تو اسے سپورٹ کرنے کیلئے ضرور بھارت جاتا ۔