گڈاپ کیڈٹ کالج بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہوگا،وزیر اعلیٰ سندھ

جمعہ 18 مارچ 2016 22:39

کراچی ۔ 18 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ یہ ان کا خواب ہے کہ گڈاپ کیڈٹ کالج صرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ ایشیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہو اور یہی وجہ ہے کہ میں نے کورکمانڈر کراچی کو بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین بنایا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں کیڈٹ کالج گڈاپ کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کیڈٹ کالج گڈاپ کا پیٹرن انچیف بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو، کورکمانڈر کراچی اور چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق یمن، جی او سی و وائس چیئرمین میجر جنرل شہزاد نعیم، سیکریٹری تعلیم فضل الله پیچوھو، سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت، کمانڈر ایل او جی برگیڈیئر مظہر اقبال و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کیڈٹ کالج گڈاپ کا منصوبہ کراچی کے دیہی علاقہ میں شروع کیا گیا جس پر لاگت کا تخمینہ 1.5بلین روپے ہے۔ اس منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں کے ہونہار طلباء کو گروم کرنا ہے تاکہ وہ پاکستان آرمی کو جوائن کر سکیں۔ یہ منصوبہ کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے سپرد کیا گیا ہے، کیونکہ یہ اپنے عہد کے پکے ہیں اور وہ اس کالج کو ایشیاء کا بہترین تعلیمی ادارہ بنا سکتے ہیں۔

جی او سی میجر جنرل شہزاد نعیم نے پریزنٹینشن دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 100ایکڑ سے زائد رقبہ پر محیط ہے اور یہ جناح ٹرمینل سے 30 کلو میٹرز کے فاصلے پر واقع ہے اور باؤنڈری وال کے اندر رہائشی کمپلیکس اور کیمپس ہیں،جن میں ایڈمنسٹریشن بلاک، دو اکیڈمک بلاکس، ہوٹل،اسٹور رومز، کیڈٹ میس،سائنس لیبز، چارکمپیوٹرلیب، لائبریری،آڈیٹوریم، جمنازیم، بیڈمنٹن ہال،ٹینس کورٹ، سوئمنگ پول،اسٹاف کی رہائش گاہ، بیچلرز فلیٹس،اسٹاف کلب،اسپتال/ڈسپینسری، کمرشل ایریا، کینٹین،مسجد، پریڈ گراؤنڈ، شوٹنگ رینج، کرکٹ اور ھاکی اور فٹ بال گراؤنڈز اور رائیڈنگ کلب تکمیل کے قریب ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 80فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کالیج کے پرنسپل کے سلیکشن کیلئے قومی اخبارات میں اشتہاردیا جا چکا ہے۔ پرنسپل پاک آرمی کا ایک ریٹائرڈ برگیڈیئر ہوگا جوکہ 10سال کا تجربہ رکھتا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری اسٹاف کی بھرتی کیلئے اشتہار بھی پروسیس میں ہے،اس پر کورکمانڈر کراچی نے کہا کہ اپریل 2016ء کے آخرتک اسٹاف کی مکمل بھرتی کا عمل مکمل ہوجانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں کالج ابتدائی طور پر 60کیڈس کے ساتھ شروع کرنا چاہتا ہوں، جبکہ اس کی ابھی گنجائش 300کیڈس کی ہے جوکہ پانچ سالوں میں مکمل ہوگی۔کیڈٹ کالج کے چیئرمین کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ کالج کی سیکورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کیلئے جامع منصوبہ بندی وضع کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے سارے منصوبے کیلئے فنڈز فراہم کریں گے، کیونکہ میں اپنے خواب کی حقیقی تعبیر اس منصوبہ کو حقیقی معنوں میں مکمل کرکے حاصل کرنا چاہتا ہوں۔

کورکمانڈرکراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں اتنا بڑا ٹاسک دیا ہے اور انشاء الله میری پوری کوشش ہوگی کہ میں اپنے ہدف کو حاصل کروں۔وزیراعلیٰ سندھ نے بورڈ آف گورنرز کو منصوبہ کی تکمیل اور اس کے آغاز کے حوالے سے اپنے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کالج کے بورڈ میں سیکریٹری خزانہ کی شمولیت کی منظوری دی تاکہ ان کی مالی ضروریات صحیح طریقے سے پورا کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :