پاکستان بیت المال کے زیر انتظام دستکاری سکولوں میں اساتذہ کو کمپیوٹر مہارت سے آراستہ کرنے کیلئے8روزہ تربیتی کورس کا آغاز

جمعہ 18 مارچ 2016 22:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) پاکستان بیت المال کے زیر انتظام چلنے والے دستکاری سکولوں کی کمپیوٹر اساتذہ کو کمپیوٹر مہارت سے آراستہ کرنے کے لیے آٹھ روزہ تربیتی کورس کا آغاز ہوگیا ۔اس تربیتی کورس کا انعقاد وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مائیکروسافٹ کے تعاون سے کیا گیا ہے جس میں مائیکروسافٹ کے کمپیوٹر ماہرین بالکل مفت تربیت فراہم کریں گے۔

تربیتی کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا کہ ملک کی خواتین کو معاشرے میں باوقار مقام دلانے کے لیے انہیں برابری کی سطح پر معاشی و سماجی حقوق دینے کے لیے کوشاں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ با عزت روزگار کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ روائتی تربیتی کورسز کے ساتھ ساتھ کمپوٹر مہارت جیسی جدید تعلیم بھی سیکھی جائے ۔

(جاری ہے)

ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے بتایا کہ حال ہی میں پاکستان بیت المال کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ،یونیورسل سروس فنڈ اور مائیکروسافٹ سے ایک باہمی یادداشت کے مطابق پاکستان بیت المال کے زیر انتظام چلنے والے 157دستکاری سکولوں میں سے ابتدائی طور پر 50مراکز میں جدید ترین کمپیوٹر لیب بنائی جارہی ہیں تاکہ زیر تربیت طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سے روشناس کروایا جاسکے۔ اس سلسلے میں یہاں کی اساتذہ کے لیے یہ تربیتی کورس انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کا آغاز اسلام آباد سے ہو چکا ہے اور بعد ازاں مرحلہ وار تمام متعلقہ اضلاع میں دستکاری سکولوں کی کمپیوٹر اساتذہ کی تدریسی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اسی طرز کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :