Live Updates

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا کلاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا

سنیل گواسکر ، سٹیوا اور کمارا سنگاکارا نے پاکستان کو فیورٹ قراردیدیا عمران خان ، شیخ رشید اور ہائی کمشنر عبدالباسط قومی ٹیم کی ہمت باندھانے کولکتہ پہنچ گئے

جمعہ 18 مارچ 2016 22:20

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا کلاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 مارچ۔2016ء) کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام 7 بجے شروع ہوگا جب کہ دونوں ٹیمیں جیت کے لئے پرعزم ہیں۔ پاک بھارت ٹاکرے کا شائقین کرکٹ کو بے تابی سے انتظار ہے جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے کی ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکی ہیں اور گنجائش سے زائد آن لائن ٹکٹس فروخت ہونے پر شائقین کو قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹس دیئے گئے۔

بنگلادیش کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کی شاندار فتح اور بھارت کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی میڈیا اپنی ٹیم پر شدید تنقید کر رہا ہے جب کہ سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر اور سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیووا نے پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے جب کہ کولکتہ کی تاریخ رہی ہے کہ یہاں قومی ٹیم بھارت کے خلاف اب تک کھیلے گئے تمام میچز میں کامیاب رہی ہے۔

(جاری ہے)

گرین شرٹس کے پاس بیٹنگ کے شعبے میں شرجیل خان، احمد شہزاد، محمد حفیظ،عمراکمل اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد ہیں جب کہ آل راوٴنڈر اور ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی ، شعیب ملک اور عماد وسیم بھی سرپرائز بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے دانت کھٹے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں محمد عامر، محمد عرفان اور وہاب ریاض نے پہلے ہی بھارتی بیٹنگ لائن پردھاک بٹھادی ہے یہی وجہ ہے کہ بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم اپ سیٹ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

اسپن کے شعبے میں قومی ٹیم کو شاہد آفریدی ،عماد وسیم اور شعیب ملک کی خدمات حاصل ہیں۔پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لئے قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی بھارت پہنچ گئے جب کہ پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط بھی کولکتہ پہنچ گئے ہیں۔ بھارت سے میچ سے قبل عمران خان قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور انہیں مفید مشورے بھی دیں گے۔ ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات