وزیراعلیٰ شہبازشریف سے اٹلی کے سفیر کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات

اطالوی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ کے اقدامات کی تعریف پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں‘اطالوی سرمایہ کار

جمعہ 18 مارچ 2016 21:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفنو پونٹے کاروو (Mr. Stefano Pontecorvo) کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، زراعت، صنعت، لائٹ انجینئرنگ، زرعی مشینری، ایگرو انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اٹلی کے سفیر اور سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم پنجاب میں مختلف شعبو ں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اکنامک انڈیکیٹرز بہتر ہوئے ہیں جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل پر توجہ دے رہے ہیں اور اگلے برس کے اختتام تک ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اٹلی اور پاکستان کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجودہیں۔انہوں نے کہا کہ ان تعلقات کو تجارتی و معاشی روابط میں بدلنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ صوبہ پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔اٹلی اور پنجاب حکومت کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے باہمی کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں گے۔

دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اٹلی اور پاکستان کے مابین تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ اطالوی سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔ہم پاکستان خصوصاً پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں اورپنجاب حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کیلئے فراہم کی جانیوالے بہترین مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

صوبائی وزراء ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، محمد شفیق، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔اٹلی کے وفد میں سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :