سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ عنہ نے خلافت کو سنت نبوت ؐ کے مطابق سر انجام دیا ۔ قائد تحریک اویسیہ علامہ پیر محمد تبسم

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 18 مارچ 2016 21:54

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 18 مارچ۔2015ء)سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ عنہ نے خلافت کو سنت نبوت ؐ کے مطابق سر انجام دیا ۔ جنگ و امن میں تعلیمات نبوی ؐ سے ہی راہنمائی حاصل کی ۔مانعین زکوٰۃ اور نبوت کے جھوٹ دعویدارکو تلوار سے راہِ راست دکھائی ۔ حالتِ جنگ میں لشکر اسلام کو عبادت گاہوں کو مسمار کرنے ، عورتوں ، بچوں ، بوڑھوں کو قتل نہ کرنے ، کھیتیاں نہ جلانے کی وصیت فرماتے ۔

ان خیالات کا اظہار قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے مرکز ی جامع مسجد حنفیہ نقشبندیہ رضویہ میں عظیم الشان دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے استحکام ، صحابہ کرام کے ناموس کے دفاع ، تحفظ ناموسِ رسالت ؐ اور نفاذِ نظام مصطفےٰ ؐ کیلئے علماء و مشائخ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ عنہ نے وفاداریٔ رسول ؐ کا حق ادا کیا ۔ اسلام سے قبل بھی شراب نوشی ،زنا، بت پرستی اور شرکیہ نظریات سے مبرا و منزہ رہے ۔ رحمت دو عالم ؐ نے آپ کو دنیا میں جنت کی بشارت سب سے پہلے عطا فرمائی ۔اسلام میں اول ،مدحت رسولؐ میں اول، نیکی میں اول، تحفظ حدود اﷲ میں اول سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ عنہ خلافت و امامت میں بھی اول ہی رہے ۔مسیلمہ کذاب جیسے جھوٹی نبوت کے دعویدار سے جہاد کر کے قصر ختم نبوت کو محفوظ بنایا ۔وصالِ مصطفےٰ ؐ کے بعد منصب خلافت پر فائز ہو کر اس والہانہ انداز سے دفاع اسلام فرمایا کہ تاقیامت ملتِ اسلامیہ اپنے محسن سیدنا ابوبکر صدیق رضی اﷲ عنہ کی احسان مند رہے گی ۔