عراقی کابینہ کی بدعنوانیوں کے خلاف ہزاروں افرادکی ریلی

شعلہ بیان لیڈرمقتدیٰ الصدر کی ہزاروں حامیوں کے ہمراہ گرین زون کے باہر ریلی،دھرنا جاری

جمعہ 18 مارچ 2016 19:41

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) عراق کے شعلہ بیان بااثر شیعہ لیڈر مقتدیٰ الصدر کے ہزاروں حامیوں نے دارالحکومت بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون کی جانب مارچ کیا ہے اور وہ وزراء کی بدعنوانیوں کے خلاف احتجاجاً دھرنے کے جمع ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بغداد کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر گیارہ بجے کے قریب پولیس اہلکاروں نے گرین زون کی جانب جانے والے پل سے ایک طرف ہٹ گئے تھے اور انھوں نے مظاہرین کے لیڈروں کو آگے جانے کی اجازت دے دی تھی۔

مظاہرین نے پل سے خاردار تاروں کو ہٹا دیا اور پھر وہ نماز جمعہ کے لیے گرین زون کے دروازوں کی جانب بڑھ گئے۔وہ بدعنوانیوں میں ملوث وزراء کے خلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے۔قبل ازیں مقتدیٰ الصدر نے وزیراعظم حیدر العبادی اور بعض سیاست دانوں کی جانب سے گرین زون کے داخلی دروازوں پر دھرنا نہ دینے کی اپیل مسترد کردی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ وہ کرپشن کی آماج گاہ'' کے باہر دھرنا دینے کے لیے ضرور جائیں گے۔

(جاری ہے)

بغداد کے اس قلعہ نما علاقے میں سرکاری دفاتر ،پارلیمان کی عمارت اور امریکا اور برطانیہ کے سفارت خانے ہیں۔مقتدیٰ الصدر نے گذشتہ ہفتے گرین زون کے باہر وزیراعظم حیدر العبادی پر کابینہ میں رد و بدل کے لیے دباوڈالنے کی غرض سے دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔انھوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بدعنوانیوں میں ملوّث وزراء کو ہٹا کر ایسے ٹیکنوکریٹس پر مشتمل کابینہ تشکیل دیں جن کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :