چلڈرن ہسپتال کا گیارواں سالانہ انٹرنیشنل سیمپوزیم شروع

پنجاب میں بچوں کی صحت کے حوالے سے یونیورسٹی قائم کرنے کیلئے وزیر اعلی پنجاب کو تجویز پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر چلڈرن ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے ‘ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا خطاب

جمعہ 18 مارچ 2016 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ لاہور کا گیارواں سالانہ انٹرنیشنل سیمپوزیم جمعتہ المبارک کے دن شروع ہو گیا۔مشیر وزیر اعلی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے افتتاح کیا -دو روزہ سیمپوزیم میں پاکستان کے علاوہ برطانیہ اور بھارت سے طبی ماہرین شرکت کر رہے ہیں ۔افتتاحی تقریب میں چلڈرن ہسپتال کے ڈین پر وفیسر مسعود صادق،میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر احسن وحید راٹھور ،پروفیسر شائستہ مقبول،مختلف میڈیکل کالجز کے پرنسپلز ،ریٹائرڈ پروفیسروں ،ڈاکٹروں اور نرسوں نے شرکت کی۔

پروفیسر مسعود صادق نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور ،بچوں کے جملہ امراض کی تشخیص ،علاج کی سہولیات ایک چھت کے نیچے فراہم کرنے والا واحد ہسپتال ہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بچے اپنے حقوق اور مسائل کے لئے آواز بلند نہیں کرسکتے لہذا ان کے حقوق کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے ۔حکومت ماں بچے کی صحت کی سہولیات اور بیماریوں کی روک تھام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر ایک ایک چلڈرن ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے اور فیصل آباد اور ملتان کے چلڈرن ہسپتال مکمل ہو چکے ہیں ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کے کینسر یونٹ میں توسیع کامنصوبہ بھی مکمل ہونے والا ہے اور ہسپتال کے نئے انڈور بلاک کے فنگشنل ہونے سے کینسر یونٹ میں 60بستروں کا اضافہ ہو جائے گا ۔

مشیر صحت کا کہنا تھا کہ حکومت چلڈرن ہسپتال میں سپر سپیشلیٹرز اور سب سپر سپیشلیٹرز میں 56فیلو شپ سلاٹ فراہم کر رہی ہے ۔قبل ازیں پروفیسر مسعود صادق نے کہا کہ بچوں کی بیماریوں اورصحت کے مسائل کے پیش نظر صوبے میں میڈیکل یونیورسٹی قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں بیڈ Occupancyریٹ 200فیصد ہے اور ورک لوڈ بہت زیادہ ہے اس کے باوجود اس ہسپتال میں پورے پاکستان سے آنے والے بچوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

پروفیسر مسعود صادق نے نئے ہسپتالوں کے قیام پر زوردیا -انہو ں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسز کو’’ اضافی ڈیوٹی اوقات ‘‘کے فارمولے پر اضافی مراعات دی جائیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس ہسپتال میں بون میر و ٹرانسپلانٹ کی سہولت چند ماہ تک شروع کر دی جائے گی اس مقصد کیلئے ڈاکٹرز کو انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیزکراچی میں ٹریننگ دی جارہی ہے ۔

مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یقین دلایا کہ وہ صوبے میں بچوں کی صحت کے حوالے سے میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کی تجویز ،وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو پیش کریں گے اور آئندہ بجٹ میں اس سلسلہ میں اقدامات کرنے کی سفارش کی جائے گی ۔انہوں نے چلڈرن ہسپتال کی کارکردگی ،ڈاکٹروں کی اعلی تعلیم و تربیت اور بین الاقوامی طبی درسگاہوں اور ہسپتالوں سے قریبی رابطوں کیلئے چلڈرن ہسپتال کی پوری ٹیم کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :