پاکستان 34مسلمان ممالک کے اتحاد میں شامل ہے ٗ دہشتگردی کیخلاف پاکستانی تجربات سے فورم پر فائدہ اٹھایا جاسکے گا ٗ خرم دستگیر

گزشتہ تین سال میں سعودی عرب میں 41 پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی ٗ پانچ سالوں کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے میں 22 فیصد سے زائد کمی آئی۔ محدود پروفائل کے باوجود پاکستان کے فارن مشن کی عالمی فورمز سمیت ہر جگہ نمایاں کارکردگی ہے ٗ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

جمعہ 18 مارچ 2016 18:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ پاکستان 34مسلمان ممالک کے اتحاد میں شامل ہوگیا ہے ٗ پاکستان کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف تجربات سے فورم پر فائدہ اٹھایا جاسکے گا ٗگزشتہ تین سال میں سعودی عرب میں 41 پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی ٗ پانچ سالوں کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے میں 22 فیصد سے زائد کمی آئی ٗ محدود پروفائل کے باوجود پاکستان کے فارن مشن کی عالمی فورمز سمیت ہر جگہ نمایاں کارکردگی ہے ٗجمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے بتایا کہ پاکستان 34 مسلمان ممالک کے اتحاد میں شامل ہوگیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف اس کے تجربات سے اس فورم پر فائدہ اٹھایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایران کو اس اتحاد میں شامل نہ کرنے کے حوالے سے کہا کہ اس کا جواب اگلے دس دنوں میں سامنے آجائے گا۔ پاکستان دہشت گردی‘ انتہا پسندی اور عسکریت پسندی کی تمام عالمی اور علاقائی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی سردار سکندر حیات بوسن نے کہا کہ ہم نے پلانٹ بریڈر رائٹس ایکٹ کو منظور کیا ہے۔

اپوزیشن کی طرح ہمیں بھی پاکستان عزیز ہے ٗزراعت سے متعلقہ جو چیزیں یا محکمہ جات ہیں ان کو وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے حوالے کریں۔ اس بارے میں وزیراعظم کو بھی سمری ارسال کر رکھی ہے ٗ ایوان بھی اس سلسلے میں تعاون کریں۔ وزارت خارجہ کی جانب سے وفاقی وزیر خرم دستگیر نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے میں 22 فیصد سے زائد کمی آئی۔

محدود پروفائل کے باوجود پاکستان کے فارن مشن کی عالمی فورمز سمیت ہر جگہ نمایاں کارکردگی ہے۔ 2010-11ء کے دوران فارن مشنز کے اخراجات آٹھ ارب 35 کروڑ 17 لاکھ روپے‘ 2011-12ء کے دوران 9 ارب 43 کروڑ 74 لاکھ روپے‘ 2012-13ء میں 10 ارب 44 کروڑ 78 لاکھ روپے‘ 2013-14ء میں 11 ارب 11 کروڑ 56 لاکھ ‘ 2014-15ء میں دس ارب 94 کروڑ 99 لاکھ روپے‘ 2015-16ء میں جنوری تک 6 ارب 3کروڑ 41 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے بتایاگیا کہ وزارت خارجہ میں کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے ٗاگر معزز رکن کے پاس اس قسم کی کوئی شکایات یا ثبوت ہیں تو فراہم کریں بلا تاخیر ان میں ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت افریقی ممالک میں 69 پاکستانی قید ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جس ملک میں جاتے ہیں وہاں کے قانون کی پاسداری کا حلف اٹھاتے ہیں۔ ایوان کو بتایا گیا کہ سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں 2393 پاکستانی قید ہیں۔