وزیر اعظم سے ارکان پارلیمنٹ کی ملاقات ‘ کاشتکاروں کے خدشات دور کرنے میں دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا

مادر وطن سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے وزیراعظم کی قیادت میں قوم متحد ہے ‘ارکان اسمبلی عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت

جمعہ 18 مارچ 2016 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایک بار پھر ارکان پارلیمنٹ کوہدایت کی ہے کہ وہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ وہ جمعہ کو ملاقات کر نے والے ارکان اسمبلی سے بات چیت کررہے تھے ملاقات کر نے والوں میں رضا حیات ہراج، چوہدری نذیر احمد اور عبدالرحمان خان کانجو شامل تھے۔

ارکان پارلیمان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کی قیادت میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اقتصادی استحکام اور توانائی میں خودکفالت کے ساتھ ساتھ سماجی شعبہ کی اصلاحات کے مستقبل قریب میں مثبت اثرات برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب سماجی و اقتصادی پالیسیوں پر بین الاقوامی سیاسی رہنماؤں اور مالیاتی و کاروباری برادری کے اعتماد کی بحالی عوام کو بااختیار بنانے کی مظہر ہے۔

(جاری ہے)

ارکان پارلیمنٹ نے ان کے متعلقہ حلقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کاشتکاروں کے خدشات دور کرنے میں دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ملک کو ترقی یافتہ، ترقی پسند اور جدید ریاست میں بدلنے کے لئے وزیراعظم کے وژن کو سراہا ۔ ارکان قومی اسمبلی نے مجموعی سلامتی کی صورتحال میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے وزیراعظم کی قیادت میں قوم متحد ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں مجوزہ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کو عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے مقصد کے حامل تمام منصوبوں اور اسکیموں پر عمل درآمد میں اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔