چین میں پلاسٹک شاپرز کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی

دوکانداروں کیخلاف کریک ڈاؤن ، ہزاروں شاپرز برآمد پلاسٹک شاپرز صحت کیلئے نقصان دہ ہیں ، محکمہ خوراک

جمعہ 18 مارچ 2016 14:41

چین میں پلاسٹک شاپرز کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی

شنگھائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) چین کے شہر شنگھائی میں پلاسٹک بیگز (شاپرز ) کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ شہری انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پلاسٹک کے شاپرز صحت کیلئے خطرناک ہو سکتے ہیں ۔محکمہ خورا ک سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں نے مختلف دکانو ں پر چھاپے ما ر کر ہزاروں شاپرز برآمد کر لئے ، یہ کریک ڈاؤن شاپرز پر پابندی کے اعلان کے بعد کیا گیا ۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ سفید آلودگی ہے جو وسیع پیمانے پر پھیل رہی ہے ، دوکاندار لوگوں کو سودا سلف ڈالنے کیلئے جو بیگز مفت فراہم کرتے ہیں ان میں ایسے جراثیم ہوتے ہیں جو صحت کیلئے نقصان دہ ہیں ،یہ پلاسٹک بیگز خورا ک محفوظ کرنے کیلئے پلاسٹک کوری سائیکل کر کے بنائے جاتے ہیں جو غیر محفوظ ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے استعمال شدہ شاپرز گندگی کے ڈھیروں سے اکٹھے کر کے فیکٹری میں پہنچائے جاتے ہیں جہاں سے انہیں دوبارہ استعمال کے قابل بنا کر مارکیٹ میں بیچ دیا جاتا ہے ،انہیں عام طورپر چھوٹی اور غیر قانونی دوکانیں اور ورکشاپس استعمال کرتے ہیں جو انہیں جراثیم سے پاک نہیں کرتے اور وہ انسانی صحت کیلئے مضر ہوتے ہیں ، یہ شاپرز بہت زیادہ درجہ حرارت پر تیار کئے جاتے ہیں اور ان میں محفوظ کی گئی خوراک انسانی صحت کیلئے بڑے مسائل پیدا کرتی ہے جن میں دل کی بیماریاں بھی شامل ہیں ۔

سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ شاپرز بہت باریک ہوتے ہیں اور حکومت نے ان کیلئے جو قومی معیار طے کر رکھا ہے یہ اس سے 40فیصد پتلے ہوتے ہیں ، اس لئے عوام اوردوکانداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس قسم کے بیگز استعمال نہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :