3 سالوں میں سعودی عرب میں 41 پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی ‘38 پر منشیات کی سمگلنگ اور 3پر قتل کے الزام تھے‘ انسداد منشیات ڈویژن نے منشیات سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے ہیں‘ وزارت خارجہ کا قومی اسمبلی میں تحریری جواب

جمعہ 18 مارچ 2016 14:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2016ء) وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر میں آگاہ کیا ہے کہ گزشتہ 3 سالوں کے دوران سعودی عرب میں 41 پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی ہے جن میں سے 38 پر منشیات کی سمگلنگ اور 3پر قتل کے الزام تھے، انسداد منشیات ڈویژن نے منشیات سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے ہیں، وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ سال کپاس کی پیداوار فی ہیکٹر802کلو گرام رہی، 13ملین سے زائد گانٹھیں2.961ملین ہیکٹر سے پیداوار حاصل کی گئیں، اراکین اسمبلی نے کہا کہ کپاس کی پیداوار کم ہوئی ہے اور اربوں روپے کا نقصان ملک کو ہوا ہے، زراعت پر توجہ نہیں دی جا رہی، برآمدات میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے، جس پر وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ 2014-15 میں جب کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوا تو مجھے کسی نے ہار نہیں چالے، رواں سال کے اعداد و شمار ابھی تک نہیں آئے، اراکین کے مشورے سے آگے بڑھیں گے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اراکین کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران ارکان اسمبلی کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کا پوری دنیا کو سامنا ہے، ہم خام مال برآمد کرتے ہیں، چمڑے کی برآمد میں کمی واقع ہوئی ہے اور پاکستان چمڑے کا برآمد کنندہ ہے، 2014-15 میں پاکستان نے 1201 ملین میٹر سے زائد کاٹن کا کپڑا برآمد کیا ہے اور اس سال 1216 ملین میٹر سے کاٹن برآمد کیا ہے، حکومت کو برآمدات میں چیلنج کا سامنا ہے، تمام برآمدی سیکٹرز کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، بیرونی مشنز کی کارکردگی کی نگرانی کی جاتی ہے، دنیا کے بہت سے ممالک میں صرف 2 دو سفارتی اہلکار موجود ہیں، سفارت خانوں کے اخراجات گزشتہ سال کم کئے گئے ہیں، کرپشن کے حوالے سے وزارت خارجہ میں زیرو ٹالرنس ہے اور اگر ممبر اسمبلی کے پاس کوئی اطلاع موجود ہے تو ثبوت فراہم کئے جائیں گے، افریقی ممالک کی جیلوں میں اس وقت 69قیدی موجود ہیں اور وزارت کشش کرتی ہے کہ قیدیوں کی اہلخانہ سے ملاقاتوں سمیت قانونی مدد فراہم کی جائے، 34ملکی اتحاد میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا اور پاکستان ان ممالک کے ساتھ صرف دہشت گردی کے خاتمے کے تجربے سے آگاہ کیا جائے گا، دہشت گردی کے خاتمے کی تربیت کے حوالے سے سعودی عرب میں مختلف ممالک کی جانب سے مشقیں کی گئیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف پر اتحاد کی حمایت کرے گا، گزشتہ سال کپاس کی پیداوار ریکارڈ سطح پر تھی اس وقت مجھے کسی نے ہار نہیں ڈالے اور موجودہ سال کے اعداد و شمار ابھی تک نہیں آئے، اس ایوان نے سیڈ ایکٹ کے ذریعے کام کئے ہیں۔

میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا کہ 70سال میں اراکین اسمبلی کی تربیت نہیں ہوئی تو کسانوں کیتربیت کیسے ہو گی، زرعی اجناس میں پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے، کسان کو جب تک سہولیات نہیں دیں گے زراعت ترقی نہیں کرے گی۔ وزیر تجارت نے کہا کہ فرٹیلائزر کو 24 ارب کی سبسڈی دی جاتی ہے۔ وزیر غذائی تحفظ سکندر حیات بوسن نے کہا کہ اجناس اور فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے قائمہ کمیٹی بھی کام کر رہی ہے، وزارتوں کی تحلیل کے بعد مسائل بڑھے ہیں، غذائی تحفظ کی وزارت سے منسلک اداروں اور مسائل کو وزارت قومی تحفظ خوراک کو دیا جائے تا کہ وزارت کام کر سکے۔