محدود وسائل کے باوجود بیرون ملک پاکستانی مشنز کی کارکردگی قابل تعریف ہے، وزارت خارجہ

جمعہ 18 مارچ 2016 13:16

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مارچ۔2016ء) وزارت خارجہ کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود عالمی فورمز سمیت ہر ملک میں موجود پاکستانی مشنز کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کی جانب سے وفاقی وزیر خرم دستگیر نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے میں 22 فیصد سے زائد کمی آئی۔

محدود پروفائل کے باوجود پاکستان کے فارن مشن کی عالمی فورمز سمیت ہر جگہ نمایاں کارکردگی ہے۔ 2010-11ء کے دوران فارن مشنز کے اخراجات آٹھ ارب 35 کروڑ 17 لاکھ روپے‘ 2011-12ء کے دوران 9 ارب 43 کروڑ 74 لاکھ روپے‘ 2012-13ء میں 10 ارب 44 کروڑ 78 لاکھ روپے‘ 2013-14ء میں 11 ارب 11 کروڑ 56 لاکھ ‘ 2014-15ء میں دس ارب 94 کروڑ 99 لاکھ روپے‘ 2015-16ء میں جنوری تک 6 ارب 3کروڑ 41 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے۔