اٹک میں ہفتہ بہبود آبادی کے سلسلے میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

جمعہ 18 مارچ 2016 13:09

فتح جنگ ۔ 18 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مارچ۔2016ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر اٹک میں ہفتہ بہبود آبادی کے سلسلے میں ضلعی دفتر بہبود آبادی اٹک میں ایک روزہ سیمینار برائے علما ء منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں ضلع بھر سے علمائے کرام نے شرکت کی۔ سیمینار کا موضوع خاندان کی افادیت اور علماء کا کردار تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین علماء بورڈ اٹک خادم حسین شاہ تھے۔

سیمینار سے پیرزادہ محمد حفیظ نقشبندی جنڈ ضلع اٹک نے اسلامی نقطہ نظر سے خاندان کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ دیگر مقررین میں رفاقت علی حقانی، اور سید نیاز حسین بخاری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پرسوشل ویلفیئر آفیسر محکمہ بہبود آبادی مرزا اکرم ، فوکل پرسن میاں خالد صباء اور اسسٹنٹ ضلعی آفیسر غلام قیصر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

آخر میں ضلعی آفیسر بہبود آباد ی اٹک ظفر اقبال رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام فلاحی مراکز اور فیملی ہیلتھ یونٹس میں ہفتہ بہبود آبادی کے سلسلے میں مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام ہمارے معاشرے کا ایک اہم کردار ہیں اور عوام علماء کرام کی بات غور سے سنتے ہیں اس لیے آپ علماء سے اپیل ہے کہ وہ بہبود آبادی پروگرام کو مقبول بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :