وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرکے عام آدمی کوحقیقی معنوں میں ریلیف دیا گیاہے،شہبازشریف ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں،وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 17 مارچ 2016 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرکے عام آدمی کوحقیقی معنوں میں ریلیف دیا ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹ کی حکمرانی اور شفافیت پنجاب حکومت کاطرہ امتیاز ہے اور پنجاب میں پولیس، اساتذہ اور دیگر شعبوں میں بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر کی گئی ہیں اور مفاد عامہ کے منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں۔ حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے باعث ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اورسرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں افضل ساہی، چوہدری علی اصغر منڈا،الحاج محمد الیاس چنیوٹی،عظمیٰ زاہد بخاری، سید عبدالعلیم، خرم عباس سیال اور سابق ایم این اے امان اﷲ خان سیال شامل تھے ۔