دنیا میں 100ارب ڈالر سے زائد کا کاروبار پھولوں سے وابستہ ہے ،محمد رفیق رجوانہ

پاکستان میں پھولوں کے شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھائی جائے تو برآمدات کے ذریعے ملک کیلئے کثیرزرمبادلہ کمایاجا سکتا ہے،گورنر پنجاب

جمعرات 17 مارچ 2016 22:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مارچ۔2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈی گراؤنڈ میں جاری پھولوں کی نمائش میں شہر بھر سے سینکڑوں لوگوں نے یونیورسٹی کا رخ کر لیا۔یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسزکے زیراہتما م لگائی گئی نمائش کا افتتاح بدھ 16مارچ کی صبح گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں کے ہمراہ کیا تھا جس میں بہار میں کھلنے والے پھولوں کی 100سے زائد اقسام کوخوبصورت انداز میں آویزاں کیا گیا ہے۔

نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پھول اپنی منفرد خوشبو اور خوبصورت رنگوں کے ساتھ پاس سے گزرنے والوں کومسکرانے اور اپنی مشکلات اور مسائل کو بھلا کر تازگی کا احساس دلاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پھول ہمیں محبت‘ امن ‘ایک دوسرے کا احساس کرنے اور خوشبوؤں کا پیغام دیتے ہیں لہٰذاہمیں مصروف زندگی میں اپنے اردگردکھلنے والے پھولوں کوبھی کچھ لمحے دینے چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں 100ارب ڈالر سے زائد کا کاروبار پھولوں سے وابستہ ہے اور اگر پاکستان میں پھولوں کے شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھائی جائے تو اس کی برآمدات کے ذریعے ملک کیلئے کثیرزرمبادلہ کمایاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پیاروں کیلئے پھولوں کا خوبصورت تحفہ بلاشبہ ایک منفرد پیغام رکھتا ہے کہ ہماری زندگی میں انہیں کتنا اہم مقام حاصل ہے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ پھولوں کی نمائش کے ذریعے یونیورسٹی میں فلوریکلچرسے وابستہ نوجوانوں کی عملی تربیت کو آگے بڑھانے اور پیشہ وارانہ اُمور میں ایک مثبت مقابلے کورواج دیا جا رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی اقدامات کی بدولت آج فلوریکلچرکا کاروبارفروغ پا رہا ہے جس میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بہت سے ہنرمندافراد کیلئے روزگار کے دروازے کھل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو دہائیاں قبل تک ضلع کی سطح پر پارکس و ہارٹیکلچرل اتھارٹی کا وجود نہیں تھا تاہم اب صوبے کے تمام اضلاع میں ایسے اداروں کے ذریعے نہ صرف پارکوں کی خوبصورتی میں اضافہ ہواہے بلکہ بہت سے لوگوں کیلئے باعزت روزگار کے دروازے بھی کھل گئے ہیں۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ امریکہ‘ برطانیہ‘ جرمنی‘ فرانس ‘ جاپان‘ سوئٹزرلینڈ ‘ہانگ کانگ اور اٹلی عالمی سطح پر پھولوں کے بڑے صارف ممالک ہیں جن کیلئے تازہ پھولوں اور ویلیو ایڈیشن مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کے بے پناہ امکانات سے فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ماہرین نے روزہ کٹ فلاورکے ساتھ ساتھ چنبیلی اور دوسرے پھولوں سے عطرکشید کرنے اور ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے غیرمعمولی کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کاشتکاروں کو روایتی فصلات کے بجائے روزہ کٹ فلاورکی کاشت کو رواج دینا چاہئے جس کے ذریعے انہیں غیرمعمولی منافع اور آمدنی ہوسکتی ہے۔ نمائش میں نایاب‘ نب جی‘ ایوب ریسرچ‘ ستارہ گروپ‘ ابراہیم گروپ ‘ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی‘ پنجاب یونیورسٹی لاہور‘ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اور دوسرے اداروں کے درجنوں سٹالز لگائے گئے ہیں ۔