این اے 153 ملتان کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) نے میدان مارلیا ،لیگی امیدوار قاسم نون ایک لاکھ 12ہزار 238 ووٹ لیکر کامیاب

تحریک انصاف کے غلام عباس کھاکھی دوسرے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار اکرم کنہوں تیسرے نمبر رہے لیگی امیدوار کی کامیابی پر کارکنوں اور حامیوں کا جشن،بھنگڑے ،مٹھائیاں تقسیم،مبارکبادیں

جمعرات 17 مارچ 2016 22:21

ملتان،جلالپورپیروالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء) این اے 153جلالپورپیروالا ملتان کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن)کے امیدواررانا قاسم نون غیرسرکاری ،غیرحتمی نتائج کے مطابق ایک لاکھ 12ہزار 238 ووٹوں کی بھاری اکثریت لیکر کامیاب ہوگئے۔پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک غلام عباسی کھاکھی 33238 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پراور پیپلزپارٹی کے اکرم کنہوں26824 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔

مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کی کامیابی پر ان کے حامی سٹرکوں پر نکل آئے ،کامیابی کا جشن منایا ،بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن)کے سابق ایم این اے دیوان عاشق بخاری کی جعلی ڈگری کیس کے مسئلے پر نااہلی کے نتیجے میں خالی ہونی والی نشست پر الیکشن جمعرات کو منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

حلقے میں کل 276پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

فوج اور پولیس کی نگرانی میں پولنگ مکمل طور پرپرامن رہی۔ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ(ن)کے رانا قاسم نون ،تحریک انصاف کے ملک غلام عباس کھاکھی اور پیپلزپارٹی کے اکرم کنہوں سمیت 10امیدوار میدان میں تھے۔پولنگ صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔بارش کے باعث اگرچہ صبح کے وقت ووٹروں کا رجحان پولنگ اسٹیشنوں کی طرف بہت کم رہا،تاہم دن گیارہ بجے کے بعد پولنگ اسٹیشنوں پرشرکاء کا رش دیکھنے میں آیا۔

آزاد ذرائع کے مطابق مجموعی طورٹرن آؤٹ 40سے45فیصدرہا۔مسلم لیگ(ن) اورتحریک انصاف کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیدران دن بھر پولنگ کیمپوں کا دورہ کرتے رہے ،اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے اپنے امیدواروں کے حق میں نعرہ بازی کی۔ضمنی الیکشن میں تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن)کے امیدوار رانا قاسم نون نے ایک لاکھ 12ہزار 238ووٹ لیکر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے ۔

تحریک انصاف کے امیدوار ملک غلام عباس کھاکھی33238 ووٹ لیکر دوسرے نمبر اور پیپلزپارٹی کے امیدوار اکرم کنہوں26824 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ن لیگی امیدوارکی کامیابی کی اطلاعات ملتے ہی ان کے حامی اور لیگی کارکن سڑکوں پر نکل آئے،ان کی کامیابی کا جشن منایا۔اس موقع پر کارکنوں نے رقص کیا،بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔کارکنوں کی بڑی تعداد راناقاسم نون کے ڈیرہ پر پہنچ گئی اور ان کو کامیابی پرمبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :