تربیت مکمل کرنے والے سکاؤٹس کا حلف

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 17 مارچ 2016 19:15

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 17 مارچ۔2015ء)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122سیالکوٹ کے محفوظ معاشرہ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرکے خواتین ریسکیو سکاؤٹس میں شمولیت اختیار کرنے والی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی برائے خواتین کی طالبات کیلئے تقسیم اسناد وحلف برداری کی تقریب یونیورسٹی آڈیٹوریم گورنمنٹ کالج یونیورسٹی برائے خواتین میں ہوئی جس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں ریسکیو1122کے محفوظ معاشرہ پروگرام کے تحت دی جانے والی تربیت کے پانچ بیچز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ چھٹا بیچ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے اور ابتک نہ صرف 300سے زائد طالبات نے تربیت مکمل کی بلکہ 22اساتذہ نے بھی یہ تربیت حاصل کی ہے اور ریسکیوسکاؤٹس میں شامل ہوئی ہیں۔

رجسٹرار گورنمنٹ کالج یونیورسٹی برائے خواتین مسز عذرا سبطین نے خواتین ریسکیوسکاؤٹس کے تیسرے اور چوتھے بیچ میں تربیت مکمل کرنے والی 104طالبات سے حلف لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ریسکیو 1122سیالکوٹ کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کمال کی ٹیم قرار دیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی ہٰذاکی ہر طالبہ ریسکیو1122کی بیسک لائف سپورٹ اور فائر فائٹنگ کی تربیت حاصل کر کے ریسکیو سکاؤٹس میں شمولیت اختیار کرے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد نے اپنے خطاب میں قائد اعظم رحمۃاﷲ علیہ کے فرمان ایمان اتحاد تنظیم کی روشنی میں طالبات کی تعلیم و تربیت ، ڈسپلن اور تنظیم کی اہمیت پرزور دیا اور کہا کہ بچو آپ ہمارا مستقبل ہیں اور تعلیم کی تکمیل کے بعد آپ لوگ جب عمل کے میدان میں اتریں تو خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کرسچی لگن اور عزیمت کے ساتھ اپنے فرائض خوش اسلوبی اور ایمانداری سے انجام دیتے ہوئے ملک وقوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں اور وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔