صوبے میں بھتہ خوروں کیلئے کوئی جگہ نہیں، بھتہ خوراُوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے پُر امن شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں،ناصرخان درانی

جمعرات 17 مارچ 2016 16:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس ناصر خان دُرانی نے کہا ہے کہ صوبے میں بھتہ خوروں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر بھتہ خوروں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے ہر قیمت پر اُن کا بھی صفایایقینی بنایا جائیگا۔یہ بات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں نقد انعامات اور توصیفی اسناد کی تقسیم کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

جسکا اہتمام ایبٹ آباد کے اُن پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں کیا گیا تھا جنہوں نے علاقے کے ایک کاروباری شخصیت کو دھمکی آمیز گمنام خط اور فون کرنے والے بھتہ خور گردہ کا سُراغ لگا کر گرفتار کیا تھا۔ نامعلوم بھتہ خور ہنزہ گلگت کے ایک شخص کے نام پر نکالے گئے سم(sim) سے مانسہرہ سے مذکورہ کاروباری شخص پراپرٹی ڈیلر منیر ولد یعقوب ایبٹ آباد کو دھمکی آمیز کال کرکے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں اُن کو اور اُن کے خاندان کے دیگر افراد کو قتل کرنے کی دھمکی دے رہے تھے۔ نامعلوم بھتہ خوروں کا پتہ لگانے کے لیے ڈی ایس پی میر پور ایبٹ آباد کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے دن رات سائنسی خطوط پر تفتیش کر کےIMEI کے ذریعے نہ صرف فون کال کے ذریعے دھمکی دیکر بھتہ مانگنے والے دو ملزمان شہزاد محسود اور شعیب محسود سکنہ (ٹانک) کا سرُاغ لگا کر گرفتار کیا بلکہ اُن سے دھمکی میں استعمال ہونے والا SIM اور پستول بھی برآمد کئے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں آئی جی پی نے کہا کہ بھتہ خوراُوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے پُر امن شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔تاہم پولیس اُن کے تمام حربوں اور چالوں سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اور اس گھناونے دھندے میں ملوث مقامی بھتہ خوروں کے خلاف پولیس کو مسلسل کامیابیاں مل رہی ہیں۔ آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھتہ خوری میں ملوث عناصرپر صوبے کی سرزمین تنگ کردی جائیگی۔

آئی جی پی نے پولیس ٹیم کی دن رات سخت محنت اور سائنسی خطوط پربھتہ خوری تک پہنچنے کی کاروائی کی تعریف اور اُمید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ اس موقع پر جن پولیس افسروں و جوانوں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نواز گیا اُن میں ڈی ایس پی میر پور امجد حسین، ایس ایچ اُو پولیس اسٹیشن میر پور انسپکٹر محمد جاوید اور ہیڈ کانسٹیبل حفیظ الرحمن شامل تھے۔