سی سی آئی کے اجلاس کے ایجنڈے میں مردم شماری کو شامل کیا جائے،وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 17 مارچ 2016 10:53

کراچی ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مارچ۔2016ء) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ 25 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس کے ایجنڈے میں مردم شماری کو شامل کیا جائے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے بدھ کے روز سی سی آئی کے اجلاس کے حوالے سے منعقدہ جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سیکریٹری محکمہ بین الصوبائی رابطہ مشتاق شیخ نے جائزہ اجلاس کو بتایا کہ سی سی آئی کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں صرف ایک آئٹم نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان IV کی 10 سالہ بنیادوں پر تشکیل رکھا گیا ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سی سی آئی کے گذشتہ اجلاس میں مردم شماری کا معاملہ آئندہ اجلاس میں زیر غور لانے کے لئے رکھا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیکریٹری محکمہ بین الصوبائی رابطہ مشتاق شیخ کو ہدایت کی کہ سی سی آئی کے ایجنڈے میں مردم شماری کے معاملے کو شامل کرنے کے لئے آئی پی سی ڈویژن کے ساتھ رابطہ کریں۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد وسیم، سیکریٹری بین الاصوبائی رابطہ (آئی پی سی) مشتاق شیخ، سیکریٹری آبپاشی ظہیر حیدر شاہ، سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :