پاکستان اور تاجکستان کے درمیان توانائی، تجارت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعلقات پر پیشرفت پر اطمینان بخش ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف

پارلیمانی روابط دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار کے حامل ہیں، تاجکستان کی مجلس نمائندگان کے چیئرمین ظہروف شکر جان سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 16 مارچ 2016 21:42

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان توانائی، تجارت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعلقات پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمانی روابط دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار کے حامل ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو تاجکستان کی مجلس نمائندگان کے چیئرمین ظہروف شکر جان سے ایوان وزیراعظم میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے ان کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان شاندار روابط استوار ہیں جن کی جڑیں تاریخ، مذہب اور مشترکہ ثقافت میں پیوستہ ہیں۔ وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روابط دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار کے حامل ہیں۔

صدر رحمانوف کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت 500 ملین ڈالر تک لانے کے لئے کوششیں کرنی چاہئیں۔ پاکستان کاسا۔1000 منصوبے پر عمل درآمد میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ علاقے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کی خاطر اپنے ہمسایوں کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی میں پاکستان کا اہم مفاد وابستہ ہے۔ ہم افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے پیش نظر افغان قیادت میں امن کے عمل کے ذریعے امن اور مفاہمت کے فروغ کے لئے مخلصانہ اور مسلسل کوششوں میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر ظہروف شکرجان نے ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کے لئے وزیراعظم کے وژن کو سراہتے ہوئے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا موقف بہت واضح ہے اور ان کی پالیسی اور وژن قابل ستائش ہے۔ تاجک وفد میں ارکان مجلس عزیز محمد خول محمد زادہ، جمشید مرتضیٰ ذکیوف، مسز نصیبہ صدیقہ مرزا انور احمدوف اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شیرالی ایس جونو نوف شامل تھے۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور رکن قومی اسمبلی محمد طلال چوہدری بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :