آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی، ساجد عباسی

بدھ 16 مارچ 2016 21:16

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد سٹی کے جنرل سیکریٹری و نو منتخب چیئرمین ایم ساجد عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر تنقید کرنے والوں کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیں اور محض نعروں اور دعوؤں سے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، حکومت پر تنقید کرنے والے ملکی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، عوامی خدمت کے بل بوتے پر آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔

بدھ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے بہترین وژن کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور پاکستان ایک بڑی اور مضبوط معیشت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم نوازشریف اور ان کی ٹیم ملک سے بدامنی، دہشت گردی، بے روزگاری، گیس، بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت تمام بحرانوں سے نمٹنے کیلئے اپنی ٹیم کے ہمراہ دن رات سخت محنت کررہے ہیں اوران کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔

چیئرمین ایم ساجد عباسی نے مزیدکہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک بحرانوں میں گھِرا ہواتھا اور ملکی معیشت کا پہیہ جام ہوچکا تھا لیکن وزیراعظم میاں نوازشریف کی مدبرانہ پالیسیوں کی بدولت آج پاکستانی معیشت مستحکم ہو رہی ہے،قیمتوں میں استحکام آ چکا ہے،تیل اور گیس کی قیمتیں دس سال پہلے والی سطح پر آگئی ہیں،لوڈشیڈنگ میں20گھنٹے سے کم ہو کرمحض6گھنٹے تک محدود ہو گئی ہے،2018ء تک لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

چیئرمین ایم ساجد عباسی نے کہاکہ ضرب عضب کی کامیابی کے بعد دہشت گردی کا ناسور ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گا،امن وامان کی صورتحال پہلے سے کافی بہتر ہوچکی ہے، آج قائداعظم کا پاکستان تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہے آنے والا دور ملک میں ترقی اور خوشحالی لائے گا اور عوامی مسائل حل ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :