پرویز مشرف کے ملک سے باہرجانے کا فیصلہ حکومت پاکستان اور وزیراعظم کریں گے ٗریاض حسین پیرزادہ

حکومت چاہے تو پرویز مشرف ملک سے باہر نہیں جاسکتے ٗوفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 16 مارچ 2016 21:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے ملک سے باہرجانے کا فیصلہ حکومت پاکستان اور وزیراعظم کریں گے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی اپیل سپریم کورٹ نے سن لی ہے، انہوں نے جانے کی اجازت دی مگر حکومت پاکستان اور وزیراعظم اس بارے میں فیصلہ کریں گے اگرحکومت چاہے تو پرویز مشرف ملک سے باہر نہیں جاسکتے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے مختلف طبقات ملک کے پیچھے پڑے ہیں، بلا وجہ نئے صوبوں اور وفاقی حکومت کے اختیارات کی بات کرتے ہیں۔ پاکستان کو کچھ نہیں ہوگا جیسے چل رہا ہے ایسے ہی چلے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے بڑے چرچے تھے۔ انہوں نے گذشتہ روز نیوزی لینڈ سے شکست کھائی ہے اب بھارتی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی میں جانے کے چانس کم اور دیگر ممالک کی ٹیموں کے چانس زیادہ ہوگئے ہیں۔