خراب کارکردگی اور شکایات پر حج ٹور آپریٹرز کو جرمانے اور معطلی کی سزائیں سنادی گئیں

پرائیویٹ سکیم کے حجاج کو سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ٗترجمان وزارتِ مذہبی امور

بدھ 16 مارچ 2016 20:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) خراب کارکردگی اور شکایات پر حج ٹور آپریٹرز کو جرمانے اور معطلی کی سزائیں سنا دی گئیں ٗپرائیویٹ سکیم کے حجاج کو سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ٗ ترجمان وزارتِ مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق حج 2015کے دوران حجاج کی طرف سے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے خلاف شکایات کے ازالے کیلئے ’’کمپلینٹ ڈسپوزل کمیٹی‘‘(CDC) کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔

اس کمیٹی نے حجاج اور شکایت کندگان کی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام صوبائی دارلخلافوں میں اپنے اجلاسوں کا انعقاد کیا۔مذکورہ کمیٹی نے تمام شکایات کو تفصیل سے سنا اور فرداً فرداً سب کیسز پر فیصلے صادر کیے۔ علاوہ ازیں ایک ’’اپیلٹ کمیٹی ‘‘ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس میں تمام متاثرہ فریقین کو 15دن کے اندر اندر اپیل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کیسز کی تفصیلات اور سزاؤں کی تفصیل کچھ یوں ہے ایک کمپنی کو مستقل بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی جمع شدہ پرفارمنس گارنٹی بھی ضبط کرلی گئی ،پانچ کمپنیوں کے خلاف کیسز کو ایف آئی اے میں بھجوایا گیا، دو کمپنیوں کو بلیک لسٹ ، ایک کمپنی کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل، ایک کمپنی کو ایک سال کیلئے معطل، ایک کمپنی کی انتظامیہ کو بلیک لسٹ، نو کمپنیوں کو وارننگ اور زیر نگرانی رکھنے کے احکامات دیئے گئے، ایک کمپنی کا کوٹہ 25فیصد اور ایک کا 10فیصد کم کیا گیا جبکہ 24دیگر کیسز کو نمٹا دیا گیا۔

13کمپنیوں کے 84حجاج سے موصول ہونے والی شکایات ثابت ہونے پر مذکورہ کمپنیوں کو جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں اور تقریباً 76لاکھ روپے حجاج کو واپس دلوائے گئے ٗ 10لاکھ روپے حجاج ویلفیئر فنڈ میں جمع کروائے گئے۔

متعلقہ عنوان :