حکومت نے پاک چین راہداری کے تحت بہت سے توانائی کے منصوبوں کا آغاز کیا ،ا ن کی بروقت تکمیل سے بجلی بحران ختم ہو جائے گا، بجلی چوروں کو پکڑنے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے

سیاسی رہنماؤں اور ماہرین مفتاح اسماعیل ،سینیٹر غوث محمد، دانیال چوہدری اور دیگر کا سی پیک منصوبوں بارے اظہار خیال

بدھ 16 مارچ 2016 19:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) سیاسی رہنماؤں اور ماہرین نے کہاہے کہ حکومت نے پاک چین راہداری منصوبے کے تحت بہت سے توانائی کے منصوبوں کا آغاز کیا ہے جن کی بروقت تکمیل سے بجلی کا بحران ختم ہو جائے گا۔ قومی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں سی پیک منصوبے پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت توانائی کے بحران پر 2018 تک قابو پالے گی اس کیلئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں ،اس بحران کے خاتمے کے لیے تمام وسائل کو بروکار لایا جا رہا ہے۔

تاجر برادری کو حکومت کی کوششوں اور بجلی کی بچت کے حوالے سے کیے گے اقدامات میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے ۔اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی حمایت بھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

حکومت بجلی چوروں کو پکڑنے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر غوث محمد نے کہا کہ جب ہماری حکومت بر سراقتدار آئی اسے بہت سے مسائل کا سامنا تھا جن میں دہشتگردی اور بجلی کے بحران سرفہرست تھا۔

موجودہ حکومت دونوں چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا اور بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے پاک چین راہداری منصوبے کے تحت طویل اور مختصر مدت کے توانائی منصوبے شروع کئے ہیں۔ ہماری حکومت بروقت تمام منصوبوں کی تکمیل کیلئے کوششیں کر رہی ہے ۔مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے ازخود ان کی نگرانی کر رہے ہیں۔

حکومت تمام وسائل کو بروکار لا کر 2018 تک توانائی کے بحران پر قابو پالے گی۔ صنعتی علاقوں سے بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کرنے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ قوم اور تاجر برادری کو بجلی کی بچت اور اس کے بحران سے نکلنے کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔ پانی اور بجلی کی وزارت کے ترجمان ظفر یاب خان نے کہا کہ حکومت نے پاک چین راہداری منصوبے کے تحت بہت سے ترقیاتی اور توانائی کے منصوبوں کا آغاز کیا ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔ حکومت نے بجلی چوروں کے خلاف بھی بھرپور کاروائی کر رہی ہے جس کی وجہ سے بجلی چوری میں کمی آئی ہے۔ اگلے کچھ سالوں میں نیشنل گرڈ میں 10,000 میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہوگا۔