ایم کیو ایم کو’’را‘‘سے فنڈنگ کے حوالے سے شفاف تحقیقات کی جانی چاہئیں‘ میاں مقصود احمد

پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے امیر جماعت اسلامی پنجاب کی منصورہ میں تقریب سے خطاب

بدھ 16 مارچ 2016 19:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران60خواتین سمیت 181افراد کی خود کشی جبکہ اس عرصے میں86افراد کی جانب سے خود کشی کی کوشش انتہائی تشویش ناک امر ہے،اقدام خود کشی کرنے والوں میں42خواتین بھی شامل ہیں ،پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کی یہ رپورٹ حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے ،حکومتی پالیسیوں کی بدولت عوام کی زندگی میں آسودگی ختم ہوتی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ مہنگائی نے عوام کاجینا دوبھر کردیاہے۔

(جاری ہے)

ایک طرف ملازمین کی تنخواہوں میں میں سال میں ایک بار اضافہ ہوتا ہے تودوسری طرف مہنگائی ہر روزبڑھ رہی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے فوائد عوام تک نہیں پہنچ پارہے۔عوام الناس مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،دہشت گردی اور فاقوں کے باعث خودکشیاں کرنے پرمجبور ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت لوگوں کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کرزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے۔انہوں نے کہاکہ آج ملک بحرانوں کی زد میں ہے۔توانائی بحران2018میں بھی ختم ہونا نظر نہیں آرہا۔عوام عملاًپریشان حال ہیں۔ایم کیو ایم کی ’’را‘‘سے فنڈنگ کے حوالے سے شفاف بنیادوں پر تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ اصل حقائق قوم کے سامنے آسکیں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ جب تک ملک میں سودی نظام رائج ہے۔معاشی انقلاب برپانہیں ہوسکتا۔