شام سے روسی طیاروں کی دوسری کھیپ بھی وطن روانہ

روسی جنگی طیاروں کا ایک اور مجموعہ وطن واپسی کے لیے شام میں حمیمیم کے فضائی اڈے سے روانہ ہوگیا،روسی وزارت دفاع

بدھ 16 مارچ 2016 19:10

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) شام سے روسی طیاروں کی دوسری کھیپ بھی وطن واپس روانہ ہوگئی،غیرملکی خبررسا ادارے کے مطابق روسی وزارت دفاع کی جانب سے بدھ کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ روسی جنگی طیاروں کا ایک اور مجموعہ وطن واپسی کے لیے شام میں حمیمیم کے فضائی اڈے سے روانہ ہوگیا۔ وزارت کے مطابق مذکورہ طیاروں میں کارگو طیارہ Ilyushin Il-76 اور سوخوئی-25 لڑاکا طیارے شامل ہیں۔

اس سے قبل طیاروں کی پہلی کھیپ منگل کے روز روس واپسی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ یہ روانگی روسی صدر ولادیمر پوتین کی جانب سے شام سے جزوی انخلاء کے اعلان کے 24 گھنٹوں کے بعد عمل میں آئی۔ادھر روس کے نائب وزیر دفاع نکولائی بانکوف نے باور کرایا کہ روسی افواج کے جزوی انخلاء کے باوجود روسی فضائی طیارے شام میں داعش اور دیگر دہشت گرد جماعتوں سے مربوط اہداف پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے یقینی مثبت نتائج حاصل ہوئے جس کے بعد اس پھیلے ہوئے تنازع کے خاتمے کا حقیقی موقع میسر آیا ہے،شام میں حمیمیم کے روسی فضائی اڈے پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بانکوف کا کہنا تھا کہ "مشن پورا ہوگیا تاہم دہشت گردی پر قابو پانے کے حوالے سے بات کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا روسی فضائیہ پر دہشت گرد تنصیبات کو کاری ضربوں کا نشانہ بنانے کی کارروائیاں جاری رکھنے کی ذمہ داری ہے۔دوسری جانب کرملن نے اعلان کیا ہے کہ روسی فوج شام میں اپنا "جدید ترین" فضائی دفاع کا نظام باقی رکھے گا۔ تاہم سرکاری طور پر اس امر کے ایس-400 میزائل بیٹریوں سے متعلق ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :